انتخابات کے حوالے سے بعض سوشل اور قومی میڈیا پلیٹ فارمز پر شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کی گئی,چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان

انتخابات کے حوالے سے بعض سوشل اور قومی میڈیا پلیٹ فارمز پر شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کی گئی,چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان

گلگت۔ 15 جون (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے لگے میں سوموار کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے حوالے سے بعض سوشل اور قومی میڈیا پلیٹ فارمز پر شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم الیکشن کمیشن نے تمام انتخابی امور قانون اور ضابطوں کے مطابق انجام دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت انتخابی نتائج 14 دن کے اندر جاری کرنا ضروری ہیں۔ بعض حلقوں میں دائر درخواستوں اور انتخابی تنازعات کی وجہ سے نتائج کے اجراء میں تاخیر ہوئی، تاہم الیکشن کمیشن تمام معاملات کو قانونی تقاضوں کے مطابق نمٹا رہا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے مزید بتایا کہ اب تک 24 میں سے 16 حلقوں کے حتمی نتائج (فارم۔49) جاری کئے جا چکے ہیں، جبکہ حلقہ جی بی اے۔13 استور۔I اور جی بی اے۔15 دیام۔II سمیت زیر سماعت معاملات پر فیصلے 17 جون 2026 کو سنائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات میں ووٹرز کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی اور مجموعی ٹرن آؤٹ تقریباً 70 فیصد رہا، جو عوام کے جمہوری عمل پر اعتماد کا مظہر ہے۔راجہ شہباز خان نے لوکل باڈیز انتخابات کے حوالے سے بتایا کہ آج کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا آخری دن تھا۔ محرم الحرام کے پیش نظر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال (سکروٹنی) کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے اسے 10 اگست 2026 تک بڑھا دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ لوکل باڈیز انتخابات کے لیے پولنگ 27 ستمبر 2026 کو ہوگی، جبکہ ان انتخابات میں مجموعی طور پر 1,343 وارڈز شامل ہوں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ انتخابی تنازعات کے حتمی فیصلوں کے لیے الیکشن ٹریبونل مقرر کیا جا چکا ہے جہاں درخواست گزار قانونی کارروائی کے تحت اپنے مقدمات پیش کر سکتے ہیں۔ وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلے قانون، انصاف اور عدل کے تقاضوں کے مطابق کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات عوام کا دیرینہ مطالبہ ہیں اور ان کے انعقاد سے مقامی سطح پر عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے اور آزاد حیثیت سے کوئی امیدوار حصہ نہیں لے سکے گا۔ امیدوار کے لیے کم از کم عمر 25 سال مقرر ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان شفاف، آزاد اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریاں پوری کرتا رہے گا۔الیکشن کمیشن گلگت بلتستان تمام انتخابی امور کو قانون، شفافیت، غیر جانبداری اور انصاف کے اصولوں کے مطابق انجام دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے عوام، سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور میڈیا کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔