بجٹ میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے لئے 40.50 ارب روپے، دانش سکولز نیٹ ورک کی توسیع کے لئے 24.48 روپے مختص کیے گئے ہیں

حکومتِ پاکستان نے مالی سال 27 ۔ 2026 کے بجٹ میں نوجوانوں کی ترقی اور تعلیمی بہتری کی خاطر وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے لئے 40.50 ارب روپے اور دانش سکولز نیٹ ورک کی توسیع کے لئے 24.48 ارب روپے مختص کئے ہیں، یہ سرمایہ کاری ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی اور جامع یوتھ ڈویلپمنٹ سکیموں میں شمار ہوتی ہے۔

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):حکومتِ پاکستان نے مالی سال 27 ۔ 2026 کے بجٹ میں نوجوانوں کی ترقی اور تعلیمی بہتری کی خاطر وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے لئے 40.50 ارب روپے اور دانش سکولز نیٹ ورک کی توسیع کے لئے 24.48 ارب روپے مختص کئے ہیں، یہ سرمایہ کاری ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی اور جامع یوتھ ڈویلپمنٹ سکیموں میں شمار ہوتی ہے۔منگل کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق اس بجٹ کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو روزگار، تعلیم، ہنر، کاروبار، کھیلوں اور جدید ٹیکنالوجی کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ پاکستان کے نوجوان ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

سب سے بڑی رقم یعنی 22.4 ارب روپے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم کے لئے مختص کی گئی ہے جس کا مقصد نوجوان کاروباری افراد اور کسانوں کو آسان مالی معاونت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کاروبار شروع کر سکیں، روزگار پیدا کریں اور قومی معیشت میں کردار ادا کریں۔ایک ہنرمند افرادی قوت کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے، حکومت نے 9.90051 ارب روپے وزیراعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے لئے مختص کئے ہیں تاکہ لاکھوں نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر فراہم کیا جا سکے اور وہ ملکی و عالمی سطح پر بہتر روزگار حاصل کر سکیں۔

تعلیمی مواقع کو بڑھانے اور مالی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے 3 ارب روپے پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے لئے رکھے گئے ہیں تاکہ مستحق طلبہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔جدت اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لئے مزید 3 ارب روپے وزیراعظم آئی ٹی سٹارٹ اپس اور وینچر کیپٹل منصوبے کے لئے مختص کئے گئے ہیں تاکہ ٹیکنالوجی انٹرپرینیورشپ کو فروغ ملے اور پاکستان کو علم پر مبنی معیشت کی طرف تیزی سے لے جایا جا سکے۔مزید مختص رقوم میں 700 ملین روپے یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹرز کے لئے، 500 ملین روپے ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کے لئے، 400 ملین روپے نیشنل والینٹئر کور کے لئے، 300 ملین روپے ای سپورٹس ایریناز اور ٹریننگ سینٹرز کے لئے، 250 ملین روپے نیشنل انوویشن ایوارڈ کے لئے اور 50 ملین روپے گرین یوتھ موومنٹ کے لئے شامل ہیں ۔

یہ تمام اقدامات مجموعی طور پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت 40.50051 ارب روپے کی مکمل تقسیم تشکیل دیتے ہیں، جو نوجوان نسل کو بااختیار بنانے کے لئے حکومت کے پختہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں،ان اقدامات کے ساتھ ساتھ حکومت معیاری تعلیم تک رسائی کو بڑھانے کے لئے دانش سکولز نیٹ ورک کی توسیع کر رہی ہے جس کے لئے مجموعی طور پر 24.482738 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔اس میں اسلام آباد (ICT کری) میں دانش سکول کے قیام کے لئے 1.330435 ارب روپے رکھے گئے ہیں جبکہ گلگت بلتستان میں نئے دانش سکولز کے لئے 4.271034 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں سلطان آباد جوتل، کروش تھنگ موضع سفراں گا-شگر، گانچھے، استور اور سکردو شامل ہیں۔اسی طرح آزاد جموں و کشمیر میں دانش سکولز کے لئے سب سے بڑی رقم 6.26972 ارب روپے رکھی گئی ہے جن میں ہاڑی گہل -باغ، بھمبر، شاردہ-نیلم اور حویلی کہوٹہ شامل ہیں۔

مزید برآں بلوچستان کے لئے 4.148862 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں سِبی، موسیٰ خیل، ژوب، کان مہترزئی (قلعہ سیف اللہ)، بارکھان اور ڈیرہ بگٹی شامل ہیں۔ سندھ (ٹنڈو محمد خان) کے لئے ایک ارب روپے، خیبر پختونخوا (چترال) کے لئے 858.708 ملین روپے اور ملٹی پرووینس کوریج کے لئے 6.603979 ارب روپے رکھے گئے ہیں تاکہ ملک کے پسماندہ علاقوں میں یکساں تعلیمی مواقع فراہم کئے جا سکیں۔

یہ تاریخی سرمایہ کاری حکومت کے اس پختہ یقین کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اس کے نوجوان ہیں، تعلیم، کاروبار، ہنر، جدت، کھیلوں اور قیادت کے مواقع میں بیک وقت سرمایہ کاری کے ذریعے حکومت ملک کے ڈیموگرافک ڈیویڈنڈ کو قومی ترقی کے ایک طاقتور انجن میں تبدیل کر رہی ہے۔یہ سرمایہ کاری پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھتی ہے اور یہ واضح پیغام دیتی ہے کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا صرف ایک پالیسی نہیں بلکہ ایک قومی مشن ہے جو آنے والی نسلوں کی تقدیر کو تشکیل دے گا۔