موجودہ حکومت کی اصل طاقت اتحادی جماعتوں کا اتحاد ہے، ثمینہ خالد گھرکی
موجودہ حکومت کی اصل طاقت اتحادی جماعتوں کا اتحاد ہے، ثمینہ خالد گھرکی

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ثمینہ خالد گھرکی نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو ملنے والی عزت اور شناخت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے عالمی وقار میں یہ اضافہ اتحادی جماعتوں کے تعاون اور باہمی اتحاد کی بدولت ممکن ہوا ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی رہنما نے اس کامیابی کا سہرا پاکستان کے عوام، مسلح افواج، موجودہ حکومت اور تمام اتحادی شراکت داروں کے سر باندھا جنہوں نے قومی مفاد کیلئے مل کر کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اصل طاقت اس کے اتحاد میں پنہاں ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدرِ مملکت اور دیگر تمام اتحادی سیاسی جماعتوں کی قیادت نے حکومت کو اپنی مکمل حمایت فراہم کی ہے۔ ثمینہ خالد گھرکی نے مزید کہا کہ آج پاکستان عالمی سطح پر زیادہ عزت و احترام کا حامل ہے،
ایک وقت تھا جب پاکستانیوں کو ہرا پاسپورٹ ساتھ رکھتے ہوئے ہچکچاہٹ محسوس ہوتی تھی لیکن آج بین الاقوامی سطح پر کوئی بھی اہم بات چیت پاکستان کی شمولیت کے بغیر مکمل نہیں سمجھی جاتی جو ملک کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت اور عالمی شناخت کا واضح ثبوت ہے۔








