ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کے ایگزیکٹوز کا مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کر کے طبی سہولیات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ ترجمان ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کے مطابق ہسپتال انتظامیہ نے ہر وارڈ اور آئی سی یو میں مینٹی ننس سے متعلق شکایات کے اندراج کیلئے باقاعدہ کمپلینٹ رجسٹر موجود ہونا چاہئے
ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے ایگزیکٹوز کا مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 16 جون (اے پی پی):ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کے ایگزیکٹوز کا مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کر کے طبی سہولیات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ ترجمان ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کے مطابق ہسپتال انتظامیہ نے ہر وارڈ اور آئی سی یو میں مینٹی ننس سے متعلق شکایات کے اندراج کیلئے باقاعدہ کمپلینٹ رجسٹر موجود ہونا چاہئے جس میں درج شکایات پر متعلقہ عملہ فوری کارروائی کرے اور مسئلہ کے حل کو یقینی بنائے، ہر آئی سی یو اور وارڈ میں صفائی مکمل ہونے کے بعد سینی ٹیشن سٹاف متعلقہ نرسنگ ہیڈ سے تصدیقی دستخط حاصل کرے تاکہ وارڈز اور واش رومز کی صفائی کے معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔ ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے اعلیٰ انتظامی افسران نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا جس کے دوران سرجیکل آئی سی یو، کیتھ لیب، اکیڈمک سی ایم ای ہالز اور دیگر اہم یونٹس کا معائنہ کیا گیا۔ دورہ کا مقصد مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، انتظامی امور اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینا تھا۔ دورہ کے دوران ڈین و چیف ایگزیکٹو آفیسر پروفیسر عرفان الدین خٹک، ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد احمد آفریدی، میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران، فنانس ڈائریکٹر الطاف خٹک سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہان بھی موجود تھے۔
انتظامیہ کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی کہ سرجیکل آئی سی یو کے عملہ کے پاس متعلقہ ایس پی آرز کے رابطہ نمبرز ہر وقت موجود ہونے چاہئیں تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری رابطہ کیا جا سکے۔ دورہ کے دوران صحت سہولت پروگرام کی فائلوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی اور متعلقہ عملہ کو تمام زیر التواء فائلیں جلد مکمل کر کے آگے بھجوانے کا کہا گیا۔ اس موقع پر بعض ڈاکٹروں کے آئی ڈی کارڈ نہ پہننے پر میڈیکل ڈائریکٹر اور ہسپتال ڈائریکٹر نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور واضح ہدایت دی کہ تمام ڈاکٹرز اور عملہ دورانِ ڈیوٹی اپنے ہسپتال آئی ڈی کارڈ نمایاں طور پر آویزاں رکھیں تاکہ نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ ایگزیکٹوز نے اکیڈمک سی ایم ای ہال کے جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ہال کی تکمیل اور ضروری سائن بورڈز کی تنصیب جلد از جلد مکمل کی جائے۔ اس دوران میڈیکل ڈائریکٹر نے دیگر انتظامی افسران کو کیتھ لیب اور انجیوگرافی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور مستقبل کی ضروریات و بہتری کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی صفائی کے اعلیٰ معیار، جدید طبی آلات کے موثر استعمال اور شفاف انتظامی نظام کے قیام کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ہسپتال کی بہتری اور ترقی کیلئے ایگزیکٹوز دن رات کوشاں ہیں اور ان اقدامات کے مثبت نتائج جلد عوام کو ہسپتال میں واضح طور پر نظر آئیں گے۔








