ایچ ای سی کا جعلی ’’اٹیسٹیشن ایجنٹس‘‘ سے محتاط رہنے اور ذاتی یا تعلیمی معلومات کسی غیر مجاز شخص کے ساتھ شیئر نہ کرنے بارے انتباہ

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بعض افراد خود کو ’’اٹیسٹیشن ایجنٹس‘‘ ظاہر کرکے تعلیمی اسناد کی تصدیق اور اٹیسٹیشن کے نام پر شہریوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایچ ای سی نے طلبہ، گریجویٹس اور دیگر درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے افراد سے محتاط رہیں اور اپنی ذاتی یا تعلیمی معلومات کسی غیر مجاز شخص …

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بعض افراد خود کو ’’اٹیسٹیشن ایجنٹس‘‘ ظاہر کرکے تعلیمی اسناد کی تصدیق اور اٹیسٹیشن کے نام پر شہریوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایچ ای سی نے طلبہ، گریجویٹس اور دیگر درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے افراد سے محتاط رہیں اور اپنی ذاتی یا تعلیمی معلومات کسی غیر مجاز شخص کے ساتھ شیئر نہ کریں۔

ایچ ای سی کی جانب سے جاری عوامی انتباہ میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کے نوٹس میں یہ بات آئی ہے کہ بعض عناصر خود کو ایجنٹ ظاہر کرتے ہوئے تعلیمی دستاویزات کی اٹیسٹیشن کے لیے معاونت کی پیشکش کر رہے ہیں۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ممکنہ فراڈ اور دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کریں اور غیر متعلقہ افراد کو اپنی معلومات فراہم نہ کریں۔

ایچ ای سی نے واضح کیا کہ ڈگری اٹیسٹیشن کا عمل مکمل طور پر آن لائن اور پیپر لیس ہے، جس کے تحت درخواست گزار گھر بیٹھے اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ کمیشن نے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اٹیسٹیشن کے معاملات خود انجام دیں اور صرف سرکاری ہدایات اور آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواستیں جمع کرائیں۔ ایچ ای سی کا واحد مستند آن لائن سروس پورٹل سرکاری ویب سائٹ اور ای سروسز پلیٹ فارم ہے، جبکہ کسی بھی غیر مجاز ویب سائٹ، ایجنٹ یا فرد پر اعتماد نہ کیا جائے۔

شہریوں سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی، کال یا ویب سائٹ کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔ ایچ ای سی نے درخواست گزاروں سے کہا ہے کہ وہ اٹیسٹیشن کے حوالے سے رہنمائی اور معاونت کے لیے صرف کمیشن کے آفیشل ہیلپ ڈیسک اور سرکاری ذرائع سے رابطہ کریں۔

مزید خبریں