محرم الحرام کا مقدس مہینہ ہمیں صبر، برداشت، ایثار، قربانی، حق گوئی اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے،گورنر

محرم الحرام کا مقدس مہینہ ہمیں صبر، برداشت، ایثار، قربانی، حق گوئی اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے،گورنر

پشاور۔ 17 جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ ہمیں صبر، برداشت، ایثار، قربانی، حق گوئی اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ انسانیت کے لیے ایک عظیم پیغام ہے کہ حق اور سچائی کی خاطر ہر قسم کی قربانی دی جا سکتی ہے۔حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے دین اسلام کی سربلندی، عدل و انصاف کے قیام اور باطل کے خلاف جدوجہد کے لیے اپنی جانوں، مال اور اپنے پورے خاندان کی قربانی پیش کرکے رہتی دنیا تک کے لیے ایک روشن مثال قائم کی۔

نے کہا کہ ہمیں محرم الحرام کے دوران اس عظیم قربانی کے پیغام کو سمجھنے اور اپنی عملی زندگی میں برداشت، رواداری، اتحاد، اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام، مشائخ عظام، مذہبی رہنماؤں اور عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی، برداشت ، باہمی احترام ، مقدسات کے احترام اور قومی یکجہتی کو فروغ دیں اور ایسے تمام عناصر سے ہوشیار رہیں جو ملک و قوم کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں، خصوصاً ہندوستان کی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج، محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے مختلف سازشیں کر سکتے ہیں۔

ن مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ضروری ہے کہ عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں، مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں اور قومی سلامتی کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے ہمیشہ امن، اتحاد اور وطن سے محبت کی اعلیٰ مثالیں قائم کی ہیں، مجھے یقین ہے کہ اس بار بھی ہم سب مل کر محرم الحرام کو امن، احترام اور عقیدت کے ساتھ منائیں گے اور دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو ناکام بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کے پیغام پر عمل کرنے، حق کا ساتھ دینے اور پاکستان کے امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔