وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے برطانوی نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکنر نےملاقات کی جس میں پاک برطانیہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق برطانوی نائب وزیر خارجہ نے امریکا ایران مفاہمت پر پاکستان کے مثبت اور بھر پور کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم شہبازشریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امن کے لئے تاریخی کردار ادا کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے برطانوی نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکنر کی ملاقات، پاک برطانیہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے برطانوی نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکنر نےملاقات کی جس میں پاک برطانیہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق برطانوی نائب وزیر خارجہ نے امریکا ایران مفاہمت پر پاکستان کے مثبت اور بھر پور کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم شہبازشریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امن کے لئے تاریخی کردار ادا کیا۔ ایران امریکا مفاہمت نے پاکستان کو عالمی امن کا علمبردار بنا کر پیش کیا ہے۔ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین انسداد دہشت گردی، انسداد غیر قانونی مائیگریشن، ادارہ جاتی تعاون، پولیس ٹریننگ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اپ سکیل پراجیکٹ کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، پاکستانی اداروں کی استعدادکار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان میں غیر قانونی مائیگریشن اور انسانی سمگلنگ کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جا رہی ہے۔دونوں وزراء نے جعلی سٹوڈنٹ ویزوں کے مسئلے کے حل کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کئی دہشت گرد تنظیمیں افغانستان سے سرگرم ہیں، افغان حکومت کو پاکستان کے خلاف اپنی زمین کے استعمال کو روکنا ہو گا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وفاقی وزراء چوہدری سالک حسین، علی پرویز ملک، طلال چوہدری، عون چوہدری، سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ این پی اے اور ڈی جی این سی سی آئی اے بھی اس موقع پر موجود تھے۔









