بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم نے معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ارباب گلی/کلی بنگلزئی، زمیندار روڈ، سریاب روڈ کے قریب کوئٹہ میں فیلڈ وزٹ کیا
بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی کارروائی، 5 جنرل پریکٹیشنر کلینکس پر جرمانے، ایک کو نوٹس جاری
کوئٹہ۔ 17 جون (اے پی پی):بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم نے معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ارباب گلی/کلی بنگلزئی، زمیندار روڈ، سریاب روڈ کے قریب کوئٹہ میں فیلڈ وزٹ کیا۔بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے فوکل پرسن ڈاکٹربسم اللہ کاکڑ کے مطابق معائنے کے دوران مجموعی طور پر 8 جنرل پریکٹیشنر (جی پی) کلینکس کا جائزہ لیا گیا۔ مختلف خلاف ورزیوں پر 5 کلینکس پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ ایک کلینک کو نوٹس جاری کیا گیا۔بی ایچ سی سی کے مطابق کارروائیاں غیر رجسٹرڈ ہونے، انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول (IPC) کے معیاری طریقہ کار (SOPs) کی عدم موجودگی اور کمیشن کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں کے باعث کی گئیں۔ڈاکٹربسم اللہ کاکڑنے کہا کہ بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن صوبے میں صحت کے شعبے کے معیار کو بہتر بنانے، مریضوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور تمام طبی مراکز کو بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ اور متعلقہ ضابطوں کے مطابق چلانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ طبی مراکز کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔









