پاکستان-جنوبی افریقہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا بریفنگ سیشن، جنوبی افریقہ کے قائم مقام ہائی کمشنر سے ملاقات

جنوبی افریقہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا ایک بریفنگ سیشن اور بعد ازاں پاکستان میں جنوبی افریقہ کے قائم مقام ہائی کمشنر روڈولف پیئر جورڈان (H.E. Mr. Rudolph Pierre Jordaan) کے ساتھ ملاقات ہوئی

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):جنوبی افریقہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا ایک بریفنگ سیشن اور بعد ازاں پاکستان میں جنوبی افریقہ کے قائم مقام ہائی کمشنر روڈولف پیئر جورڈان (H.E. Mr. Rudolph Pierre Jordaan) کے ساتھ ملاقات ہوئی۔ اس اجلاس کی صدارت گروپ کی کنوینر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کی۔اجلاس میں ڈاکٹر محمد فاروق ستار ، محمد ریاض فتیانہ، میر شبیر علی بیجارانی ، میر عامر علی خان مگسی ، ڈاکٹر مہیش کمار ملانی ، اسد عالم نیازی ، ڈاکٹر شازیہ صوبیہ اسلم سومرو ، ڈاکٹر سیدہ شاہدہ رحمانی ، مسرت رفیق مہسر اور ثمینہ خالد گھرکی نے شرکت کی۔ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کی ’’لک افریقہ‘‘ پالیسی اور’’جنوب-جنوب تعاون‘‘ کے فریم ورک کے تحت باہمی افہام و تفہیم، عوامی روابط، ثقافتی تبادلوں اور تعاون کو فروغ دینے میں پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے کردار پر روشنی ڈالی۔اجلاس کے شرکا کو جنوبی افریقہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ملک محمد فاروق نے بریفنگ دی جنہوں نے جنوبی افریقہ کے سیاسی، اقتصادی اور سماجی منظر نامے کا جامع جائزہ پیش کیا۔ جنوبی افریقہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کمیونٹی کو درپیش چیلنجز اور سکیورٹی خدشات کو اجاگر کیا اور دونوں ممالک کے متعلقہ حکام کے مابین مسلسل ادارہ جاتی روابط اور بہتر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے نیلسن منڈیلا کے دورہِ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے ان کی شاندار خدمات اور ورثے کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ امن، انصاف، مساوات اور مفاہمت کے لیے نیلسن منڈیلا کی انتھک جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے اور یہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دوستی اور باہمی احترام کے رشتوں کو مزید مضبوط بناتی ہے۔بعد ازاں ہونے والی ملاقات کے دوران قائم مقام ہائی کمشنر روڈولف پیئر جورڈان نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کا اعادہ کیا۔ انہوں نے روایتی شعبوں سے ہٹ کر عوامی روابط، اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں اور پائیدار فالو اپ میکانزم کے ذریعے تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ باہمی ہمدردی کو ٹھوس نتائج میں بدلا جا سکے۔ انہوں نے گلوبل سائوتھ میں شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے جنوبی افریقہ کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ جورڈان نے دونوں ممالک کے مابین کھیلوں کے باقاعدہ تبادلوں بالخصوص کرکٹ کے ذریعے عوامی روابط اور خیر سگالی کے فروغ کے کردار کو بھی نمایاں کیا۔شرکا نے باہمی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، سیاحت، تعلیم، پارلیمانی تعاون اور ثقافتی تبادلوں سمیت وسیع تر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ارکان پارلیمنٹ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے مضبوط اقتصادی روابط، بہتر ادارہ جاتی نیٹ ورکنگ اور باقاعدہ پارلیمانی بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس کے اختتام پر ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے پارلیمانی تعاون اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے جنوبی افریقہ کی پارلیمنٹ میں بھی پاکستان کے لیے ایک ہم منصب پارلیمانی فرینڈشپ گروپ قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطح کے مسلسل تبادلوں کی قدر و قیمت کا بھی احاطہ کیا۔شرکا نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دیرینہ دوستی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پارلیمانی اور سفارتی ذرائع سے قریبی تعاون کو فروغ دینے اور باقاعدہ روابط برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔