فیفا ورلڈ کپ 2026 کا جادو دنیا بھر کے فٹ بال شائقین کے سر چڑھ کر بول رہا ہے، جس کا اندازہ میزبان ممالک کے 13 شہروں میں جاری ‘فیفا فین فیسٹیول’ کی مقبولیت سے لگایا جا سکتا ہے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026،فیفا فین فیسٹیول میں شائقین کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی

مزید خبریں
میکسکیو۔19جون (اے پی پی):فیفا ورلڈ کپ 2026 کا جادو دنیا بھر کے فٹ بال شائقین کے سر چڑھ کر بول رہا ہے، جس کا اندازہ میزبان ممالک کے 13 شہروں میں جاری ‘فیفا فین فیسٹیول’ کی مقبولیت سے لگایا جا سکتا ہے۔ ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے ابتدائی 24 میچز مکمل ہونے پر فین فیسٹیول میں آنے والے شائقین کی مجموعی تعداد 20 لاکھ (2 ملین) سے تجاوز کر گئی ہے، جو کہ فٹ بال کی تاریخ کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔اگرچہ کینیڈا اور امریکہ میں فین فیسٹیول کے تمام مقامات مسلسل اپنی پوری گنجائش کے ساتھ چل رہے ہیں، لیکن اب تک سب سے بڑا ہجوم میکسیکو کے تین شہروں میں دیکھا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق میکسیکو سٹی میں 5 لاکھ 27 ہزار، مونٹیری میں 2 لاکھ 44 ہزار اور گواڈلہارا میں 2 لاکھ 18 ہزار سے زائد شائقین فین فیسٹیول کا رخ کر چکے ہیں۔ فیفا کے صدر جانی انفینٹینو نے اس شاندار ردعمل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے میزبان شہروں کی لگن اور وژن کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا ہے۔
میچوں کی بڑی سکرینز پر لائیو نشریات کے ساتھ ساتھ برائن ایڈمز، نورا فتحی اور پٹ بل جیسے عالمی فنکاروں کے کنسرٹس اور مختلف ثقافتی رنگ شائقین کی توجہ کا خاص مرکز بنے ہوئے ہیں۔ 19 جولائی تک جاری رہنے والے اس عالمی فٹ بال میلے کے اگلے مراحل میں لوداکریس اور دی چین اسموکرز سمیت مزید نامور بینڈز اور گلوکاروں کی پرفارمنسز بھی شیڈول ہیں، جس سے آنے والے دنوں میں شائقین کا جوش و خروش مزید بڑھنے کی امید ہے۔








