انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ ذوالفقار حمید نے ایبٹ آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے سیکورٹی انتظامات، مجموعی لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال، پولیس کی جانب سے عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور پولیس سہولت مراکز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
محرم الحرام کے ایام میں مجالس، جلوسوں اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی اولین ترجیح ہونی چاہئے، انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 19 جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ ذوالفقار حمید نے ایبٹ آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے سیکورٹی انتظامات، مجموعی لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال، پولیس کی جانب سے عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور پولیس سہولت مراکز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے محرم الحرام کے سکیورٹی پلان، حساس مقامات کی نگرانی، جلوسوں اور مجالس کے حفاظتی اقدامات، انٹیلی جنس کوآرڈینیشن، ٹریفک مینجمنٹ اور امن و امان کی مجموعی صورتحال کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ پیش کی۔
ترجمان ہزارہ پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بریفنگ میں پولیس سہولت مراکز کے ذریعہ عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات، شہریوں کی سہولت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور مختلف اضلاع میں مراکز کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔ آئی جی خیبر پختونخوا ہ ذوالفقار حمید نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے پولیس افسران کو جامع، موثر اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے ایام میں مجالس، جلوسوں، امام بارگاہوں اور دیگر مذہبی اجتماعات کی سیکیورٹی اولین ترجیح ہونی چاہئے، تمام حساس اور انتہائی حساس مقامات کا ازسرنو سکیو رٹی آڈٹ کیا جائے اور موجودہ خطرات کے پیش نظر سکیو رٹی پلان کو مزید موثر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور جدید نگرانی کے آلات کا موثر استعمال یقینی بنایا جائے جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ اور نگرانی کا نظام نافذ کیا جائے، جلوسوں کے راستوں پر چھتوں، بلند عمارتوں اور دیگر حساس مقامات کی خصوصی نگرانی کے ساتھ ساتھ سنائپرز اور کوئیک رسپانس فورس کو الرٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرچ اینڈ سویپ آپریشنز، کومبنگ آپریشنز اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور شرپسند عناصر، اشتعال انگیز سرگرمیوں اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے سوشل میڈیا کی موثر نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ فرقہ وارانہ نفرتیں اور افواہوں کے پھیلاؤ کو بروقت روکا جا سکے۔ انہوں نے تمام ضلعی پولیس افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران امن کمیٹیوں، علماء کرام، منتظمین مجالس و جلوس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطہ اور موثر کوآرڈینیشن برقرار رکھا جائے، بین المسالک ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہنگامی منصوبہ بندی کو ہر وقت فعال رکھا جائے۔ آئی جی خیبر پختونخوا نے مزید ہدایت کی کہ ٹریفک مینجمنٹ پلان کو موثر انداز میں نافذ کیا جائے، متبادل راستوں کی نشاندہی کی جائے اور عوام کو بروقت آگاہی فراہم کی جائے تاکہ شہریوں کو ٹریفک کے حوالہ سے درپیش مسائل کا ازالہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام افسران اور جوان اپنی ڈیوٹی انتہائی ذمہ داری، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ خدمت کے ساتھ انجام دیں تاکہ عوام کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ آئی جی خیبر پختونخوا نے پولیس سہولت مراکز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ عوام کو درکار خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جائے اور شہریوں کی شکایات کے فوری ازالہ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور بہترین عوامی خدمات کی فراہمی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتی رہے گی۔ آئی جی خیبرپختونخوا نے ہزارہ بھر میں جرائم کے موثر تدارک اور قانون کی عمل داری کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں، قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، راہزنی، چوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ معاشرہ کے امن کو تباہ کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کیلئے کسی قسم کی رعایت کی گنجائش نہیں اور ان کے خلاف قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں، قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور جدید تفتیشی ذرائع، انٹیلی جنس معلومات اور بین الاضلاعی کوآرڈینیشن کے ذریعہ ان کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سنگین مقدمات کی تفتیش کو میرٹ، شفافیت اور پیشہ ورانہ مہارت کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ مجرمان کو عدالتوں سے قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، تمام ضلعی پولیس افسران جرائم کے خاتمہ، ملزمان کی بروقت گرفتاری، مقدمات کی معیاری تفتیش اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں تاکہ شہریوں کے اعتماد میں اضافہ ہو اور معاشرہ میں امن و استحکام کو مزید فروغ حاصل ہو۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے اجلاس کے دوران ہزارہ میں جاری اہم ترقیاتی پراجیکٹس اورغیر ملکی ماہرین بالخصوص چائنیز شہریوں کی سکیو رٹی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ اضلاع میں سیکیورٹی انتظامات کو مزید موثر، مربوط اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں لہٰذا ان منصوبوں پر کام کرنے والے ملکی و غیر ملکی ماہرین، انجینئرز اور عملہ کی جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے، ترقیاتی پراجیکٹس، چائنیز شہریوں اور دیگر غیر ملکی ماہرین کی سیکیورٹی کیلئے وضع کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ان کی رہائش گاہوں، دفاتر، ورک سائٹس اور آمدورفت کے راستوں کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے اور خطرات کے تجزیہ کی بنیاد پر حفاظتی اقدامات کو مسلسل اپ ڈیٹ رکھا جائے۔








