حافظ آباد ،کمشنر گوجرانوالہ کا ڈپٹی کمشنر حافظ آباد کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ

کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال، واسا ڈسپوزل اسٹیشن اور شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کر تے ہوئے بیوٹی فکیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔

حافظ آباد۔ 19 جون (اے پی پی):کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال، واسا ڈسپوزل اسٹیشن اور شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کر تے ہوئے بیوٹی فکیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے دورہ کے موقع پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے لیبارٹری،ڈائلسزسنٹر،شعبہ ایمر جنسی سمیت دیگر شعبہ جا ت کا دورہ کر تے ہوئے وہاں مریضوں کو دستیاب علاج معالجہ کی سہولیات، مفت ادویات کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور دیگر اقدامات کا جائزہ لیا۔ کمشنر نے مریضوں اور انکے لواحقین سے مفت ادویات اور طبی سہولیات کی فراہمی بارے فیڈ بیک بھی لیا۔بعد ازاں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے کسوکی روڈ پر واسا ڈسپوزل اسٹیشن کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے مون سون سیزن سے قبل نکاسی آب کے کاموں، ضروری مشینری اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔کمشنر نے ہدایت کی کہ مون سون سیزن سے قبل نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کے تمام انتظامات کو ہر لحاظ سے مکمل کیا جائے تا کہ بارشوں کے دوران کسی بھی جگہ نکاسی آب کے مسائل پیدا نہ ہوں۔کمشنر نے واسا افسران کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کے کاموں میں استعمال ہونے والی مشینری اور ڈسپوزل یونٹس ہر لحاظ سے فنکشنل ہونے چاہیے تا کہ بارشوں کے دوران کسی بھی علاقے میں نکاسی آب کا کوئی مسئلہ نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے کمشنر گوجرانوالہ کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے بیوٹی فکیشن کاموں کے حوالے سے فوارہ چوک، کچہری بازار،مین بازار اکبری دروازہ کا وزٹ کروایا۔ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ شہر کے مرکزی کچہری بازار فوارہ چوک اور اکبری دروازے کی تزئین و آرائش تمام دوکانوں کے ایک ہی طرز کے سائن بورڈ،لائٹنگ سمیت بیوٹی فکیشن کے دیگر کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر حافظ آباد سٹی سمیت ضلع بھر کے اہم مقامات چوک چوراہوں، گرین بیلٹس کی تزئین وآرائش، شجر کاری اور خوبصورتی کے کام کیے گئے ہیں