گزشتہ برس وزیر اعلیٰ دھی رانی پروگرام کے تحت 5000 بیٹیوں کی شادیاں کروائی گئیں، حنا ارشد وڑائچ

رکن صوبائی اسمبلی پنجاب حنا ارشد وڑائچ نے کہا ہے کہ اگلے مالی سال میں سماجی ترقی کے پروگراموں کے لئے خاطر خواہ فنڈز رکھے گئے ہیں تاکہ صوبے بھر میں عوامی خدمت کا سفر جاری رہ سکے۔

سیالکوٹ۔ 19 جون (اے پی پی):رکن صوبائی اسمبلی پنجاب حنا ارشد وڑائچ نے کہا ہے کہ اگلے مالی سال میں سماجی ترقی کے پروگراموں کے لئے خاطر خواہ فنڈز رکھے گئے ہیں تاکہ صوبے بھر میں عوامی خدمت کا سفر جاری رہ سکے۔ صوبائی بجٹ کے حوالے سے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 30 جون کو ختم ہونیوالے مالی سال کے دوران ‘وزیر اعلیٰ دھی رانی پروگرام’ کے تحت 5000 مستحق بیٹیوں کی شادیاں کی گئیں اور اس پر ایک ارب اور 77 کروڑ روپے خرچ کئے گے اور یہ پروگرام ا گلے سال کے دوران جاری رہے گا اور اس کیلئے اتنی ہی رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں کہا کہ مالی سال میں 19 ہزار خصوصی افراد کو مصنوعی اعضاء، سماعتی آلات اور دیگر معاون سہولیات فراہم کی گئیں جن پر ایک ارب روپے لاگت آئی اور اگلے مالی سال کیلئے یہ تعداد دگنی کی گئی ہے اور 40 ہزار خصوصی کو 3 ارب 70 کروڑ سے ضروری معاون سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مالی سال کے دوران پنجاب کے متعدد اضلاع میں اولڈ ایج ہومز قائم کئے جائیں گے جس کیلئے 2 ارب اور 6 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘مریم کو بتائیں’ پروگرام کے تحت ایک ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جس سے 14 ہزار شہریوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سماجی ترقی کے شعبے مختلف دیگر پروگرام بھی جاری رکھے جائیں گے۔