امریکا ،ایران مفاہمت سے تجارت و سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھلیں گی، کے سی سی آئی قیادت

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کی لیڈرشپ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سمیت پوری سفارتی ٹیم کو امریکا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان طے پانے والی تاریخی مفاہمت کو یقینی بنانے میں پاکستان کے دنیا بھر میں تسلیم کیے جانے والے اہم کردار پر بھرپور مبارکباد پیش کی ہے

کراچی۔ 19 جون (اے پی پی):کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کی لیڈرشپ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سمیت پوری سفارتی ٹیم کو امریکا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان طے پانے والی تاریخی مفاہمت کو یقینی بنانے میں پاکستان کے دنیا بھر میں تسلیم کیے جانے والے اہم کردار پر بھرپور مبارکباد پیش کی ہے۔ایک مشترکہ بیان میں چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا، نائب چیئرمین انجم نثار، جاوید بلوانی، میاں ابرار احمد اور طارق یوسف، صدر کے سی سی آئی ریحان حنیف، سینئر نائب صدر محمد رضا اور نائب صدر عارف لاکھانی نے اس پیشرفت کو ایک سنگ میل سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تعمیری مصروفیت اور امن پسند سفارتکاری نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا مقام بلند کیا ہے اور عالمی امن اور علاقائی استحکام میں کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھنے والے ملک کے طور پر پاکستان کو ایک ذمہ دار اور قابل اعتماد پارٹنر کے طور پر تقویت بخشی ہے۔انہوں نے کہا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان طے پانے والی تفہیم ایک اہم پیشرفت ہے بالخصوص ایسے وقت میں جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی نے عالمی معیشت، توانائی کی سلامتی اور بین الاقوامی تجارت کے لیے سنگین خدشات پیدا کر دئیے تھے۔ ان کامیاب سفارتی کوششوں نے نہ صرف امن کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں مدد دی ہے بلکہ اقتصادی تعاون اور علاقائی رابطوں کے بارے میں نئی امید بھی پیدا کی ہے۔کے سی سی آئی لیڈرشپ نے زور دیا کہ پاکستان اور وسیع تر مسلم دنیا کے لیے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مفاہمت سے پیدا ہونے والی مثبت پیشرفت خطے کے ممالک کے درمیان بہتر اقتصادی تعلقات، تجارتی راستوں کی بحالی اور مضبوط تجارتی روابط کی راہ ہموار کرے گی۔انہوں نے کہا کہ زیادہ مستحکم جیو پولیٹیکل ماحول پاکستان کو ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور توانائی، زراعت، صنعت، نقل و حمل اور سرحدی تجارت کے شعبوں میں تعاون کے نئے راستے کھولنے کا موقع فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ مذاکرات، سفارتکاری اور پرامن کوششیں پیچیدہ بین الاقوامی تنازعات کے حل کے لیے سب سے مؤثر ذرائع ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کے وقار اور مقام کو بلند کیا ہے۔