محرم الحرام کے دوران سکھر میں سکیورٹی سخت ، پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن

محرم الحرام کے دوران سکھر میں سکیورٹی سخت، پولیس اور رینجرز کے مشترکہ سرچ آپریشن جاری

سکھر۔ 19 جون (اے پی پی):محرم الحرام کے دوران سکھر میں سکیورٹی سخت، پولیس اور رینجرز کے مشترکہ سرچ آپریشن جاری ۔ ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سکھر پولیس اور پاکستان رینجرز نے روہڑی سمیت شہر کے مختلف حساس علاقوں میں مشترکہ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کیا ۔پولیس حکام کے مطابق آپریشن کے دوران ماتمی جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں، ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز، بس اسٹینڈز، ریلوے اسٹیشن اور دیگر اہم مقامات کی جامع تلاشی لی گئی۔ اس موقع پر مشتبہ افراد کی بائیو میٹرک تصدیق اور شناختی دستاویزات کی جانچ بھی کی گئی۔ایس ایس پی سکھر اظہر خان کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ضلع بھر میں سکیورٹی پلان پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی شرپسند یا امن دشمن عنصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکھر پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں تاکہ تمام ماتمی جلوس اور مجالسِ عزا پرامن ماحول میں منعقد ہوں۔