معاون خصوصی برائے داخلہ طارق سعید خان کا محرم الحرام مرکزی کنٹرول روم کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید خان نے محکمہ داخلہ و قبائلی امور میں محرم الحرام کے سلسلے میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور صوبہ بھر میں سکیورٹی، مانیٹرنگ اور ہنگامی ردعمل کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا

پشاور۔ 19 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید خان نے محکمہ داخلہ و قبائلی امور میں محرم الحرام کے سلسلے میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور صوبہ بھر میں سکیورٹی، مانیٹرنگ اور ہنگامی ردعمل کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے معاون خصوصی کو محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے کیے گئے اقدامات، جلوسوں اور مجالس کی نگرانی، ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے درمیان رابطہ کاری کے نظام کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ کنٹرول روم فعال طور پر کام کر رہا ہے اور صوبے کے تمام اضلاع سے موصول ہونے والی معلومات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ طارق سعید خان نے دورے کے موقع پر کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔طارق سعید خان نے کنٹرول روم کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت امن و استحکام کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔