یومِ عاشور پر امن، بین المسالک ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے علماء و مشائخ کا بھرپور تعاون کا اعلان
تمام مکاتبِ فکر کا یومِ عاشور پر امن، اتحاد اور رواداری کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون کا اعلان

مزید خبریں
ڈیرہ غازی خان۔22جون (اے پی پی):ملک بھر کے تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے ممتاز علماء کرام، مشائخ عظام اور مذہبی قائدین نے یومِ عاشور (10 محرم الحرام) کے موقع پر امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کا اعلان کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جمعۃ المبارک کے اجتماعات، مجالسِ عزا اور جلوسوں کے دوران ایثار، رواداری، محبت اور باہمی احترام کا عملی مظاہرہ کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی غلط فہمی، کشیدگی یا تصادم سے ہر صورت اجتناب کیا جائے گا۔

یہ متفقہ فیصلہ قومی پیغامِ امن کمیٹی کی اپیل پر صوبائی قومی پیغامِ امن کمیٹی پنجاب کے زیر اہتمام، پاکستان علماء کونسل ڈیرہ غازی خان کے تعاون سے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، جس کا مقصد محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں امن، مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور عوامی نظم و ضبط کو یقینی بنانا تھا۔اجلاس کے شرکاء نے متفقہ طور پر اس امر کا اعادہ کیا کہ یومِ عاشور کے موقع پر اہلِ سنت کے جمعۃ المبارک کے اجتماعات اور اہلِ تشیع کی مجالس و جلوسوں کے دوران تمام مکاتبِ فکر ایک دوسرے کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے، مذہبی اجتماعات کے اوقات اور انتظامات کا احترام کیا جائے گا اور بھائی چارے، برداشت اور حسنِ اخلاق کی فضا کو فروغ دیا جائے گا۔علماء و مشائخ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ محرم الحرام کے تقدس کے پیش نظر کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی، تصادم یا فرقہ وارانہ کشیدگی کی اجازت نہیں دی جائے گی، کیونکہ یہ مقدس مہینہ امتِ مسلمہ کو اتحاد، صبر، قربانی اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے۔اجلاس کے مہمانِ خصوصی چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے لیے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی تھے۔اجلاس میں حافظ مقبول احمد، مولانا اشفاق پتافی، مولانا پیر اسد حبیب شاہ نقشبندی، حیدر نقوی، قاری عبدالجبار، ایڈووکیٹ احمد حسن ورک، مولانا جابر، مولانا عزیز اکبر قاسمی، عبدالخالق مرالی سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے جید علماء، مشائخ اور مذہبی نمائندوں نے شرکت کی۔شرکاء نے قومی پیغامِ امن کمیٹی کے ضابطۂ اخلاق پر مکمل اعتماد اور اس پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام محض حکومتی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری قوم، علماء، خطباء، ذاکرین، منتظمین اور عوام کی مشترکہ دینی و قومی ذمہ داری ہے۔اجلاس میں علماء کرام، مذہبی رہنماؤں، جلوسوں اور مجالس کے منتظمین، رضاکاروں اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دیں، اشتعال انگیز تقاریر، نفرت آمیز بیانات اور افواہوں سے اجتناب کریں، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور یومِ عاشور کو ملک بھر میں امن، وقار، مذہبی رواداری اور قومی اتحاد کے ماحول میں منانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔








