آسٹریلیا نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 کے 21ویں میچ میں پاکستان کو 113 رنز سے شکست دے دی۔
آسٹریلیا نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 کے 21ویں میچ میں پاکستان کو 113 رنز سےہرا دیا

مزید خبریں
لاہور۔24جون (اے پی پی):آسٹریلیا نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 کے 21ویں میچ میں پاکستان کو 113 رنز سے شکست دے دی۔ لیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ گراونڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 13.4 اوورز میں 86 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔شکست کے باوجود پاکستان ویمن ٹیم کی جانب سے چند کھلاڑیوں نے نمایاں انفرادی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اوپنر منیبہ علی صدیقی نے 25 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ سکور کیا، جس میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ کپتان فاطمہ ثنا نے 12 گیندوں پر 17 رنز بنائے، جبکہ ایرا م جاوید نے 9 گیندوں پر 14 رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستانی بولرز نے بھی ابتدائی مراحل میں آسٹریلیا کو مشکلات سے دوچار کیا۔
سعدیہ اقبال نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر خطرناک بیٹر بیتھ مونی کو آٹ کردیا، جبکہ گل فیروزہ نے سلپ میں شاندار ڈائیونگ کیچ تھام کر ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا۔ نشرہ سندھو نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں، جن میں جارجیا وول اور ایشلے گارڈنر کی اہم وکٹیں شامل تھیں۔ رامین شمعیم نے بھی 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ سعدیہ اقبال نے بھی 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔آسٹریلیا کی جانب سے ایلس پیری نے 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور جارجیا وول کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 100 رنز کی شراکت قائم کی۔
اینابیل سدرلینڈ نے 27 اور نکولا کیری نے ناقابل شکست 26 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 199 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے ایلس پیری کی اہم وکٹ حاصل کی، جس کے ساتھ ٹورنامنٹ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 8 ہوگئی اور وہ ایونٹ میں مشترکہ طور پر دوسری کامیاب ترین بولر بن گئیں۔آسٹریلیا کی جانب سے سوفی مولینیو، ایلس پیری اور اینابیل سدرلینڈ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایلس پیری کو آل رانڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان ویمن ٹیم اپنا آخری گروپ میچ 27 جون کو برسٹل میں نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔








