وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے محرم الحرام کے سلسلہ میں فیصل آباد کی مختلف مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات کی اور محرم الحرام کے دوران سکیورٹی، انتظامی اقدامات اور عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب کی مجالس و جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات، عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات بارے بادلہ خیال کیا

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 24 جون (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے محرم الحرام کے سلسلہ میں فیصل آباد کی مختلف مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات کی اور محرم الحرام کے دوران سکیورٹی، انتظامی اقدامات اور عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں صوبائی وزیر بلال اکبر، وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی ذیشان ملک، کمشنر فیصل آباد، ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) سہیل سکھیرا اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ مجالس اور جلوسوں کے منتظمین میں جعفر نقوی، سید افتخار نقوی، حسنین شیرازی، محمد قاسم، تصدق حسین، عباس حیدر، ممتاز حسین، آغا مہندی اور عمار علی شامل تھے۔
اس موقع پر منتظمین نے محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات، سکیورٹی اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے عزاداروں کی سہولت اور تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ کسی بھی مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عاشورہ محرم کے جلوسوں اور مجالس کا پرامن انعقاد حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عزاداروں کی سہولت کے لیے ٹھنڈے پانی کی سبیلوں اور دیگر ضروری سہولیات کا خصوصی انتظام کیا جا رہا ہے جبکہ مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کے لیے پنجاب پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ سکیورٹی ادارے اور ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر متحرک ہیں تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا قابل ستائش ہے، جس کی بدولت صوبہ بھر میں محرم الحرام کے پروگراموں کے پرامن انعقاد میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ مجالس اور جلوسوں کے منتظمین حکومتی اقدامات سے مطمئن ہیں اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔اس موقع پر محرم الحرام کے دوران امن، رواداری اور باہمی احترام کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ انتظامیہ اور منتظمین کے درمیان باہمی رابطوں کو مزید موثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔








