"سلیمہ امتیاز کی آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امپائرنگ پاکستانی خواتین کی صلاحیتوں، عزم اور عالمی کھیلوں میں بڑھتے ہوئے کردار کا قابلِ فخر مظہر ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط مثال ہے۔”
سلیمہ امتیاز ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امپائرنگ کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں

مزید خبریں
اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):پاکستان کی سلیمہ امتیاز نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امپائرنگ کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
انگلینڈ میں جاری ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران سلیمہ امتیاز اب تک چار میچوں میں مختلف ذمہ داریاں انجام دے چکی ہیں۔ وہ دو میچوں میں آن فیلڈ امپائر، ایک میچ میں ٹیلی ویژن امپائر اور ایک مقابلے میں فورتھ امپائر کے فرائض سرانجام دے چکی ہیں۔ورلڈ کپ میں ان کی ذمہ داریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سلیمہ امتیاز ہفتہ کو لندن کے اوول گراؤنڈ میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ میں ٹیلی ویژن امپائر جبکہ اتوار کو لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان مقابلے میں فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گی۔واضح رہے کہ سلیمہ امتیاز ستمبر 2024 میں آئی سی سی کے انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ پینل میں شامل ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون بھی بنی تھیں، جو پاکستانی خواتین کرکٹ آفیشلز کے لیے ایک اہم کامیابی تصور کی جاتی ہے۔اپنی تاریخی کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سلیمہ امتیاز نے کہا کہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بطور امپائر ڈیبیو کرنا ان کے لیے اور پاکستان کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی یہ کامیابی مزید پاکستانی خواتین کو کرکٹ کے شعبے میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔کرکٹ حلقوں نے سلیمہ امتیاز کی اس کامیابی کو پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے اسے خواتین کی کھیلوں میں بڑھتی ہوئی نمائندگی کا مثبت مظہر قرار دیا ہے








