سکیورٹی فورسز نےخاران اور مستونگ میں انسداد دہشت گردی کی دو الگ کارروائیوں میں 8 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے، آئی ایس پی آر

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں 25 اور 26 جون کوانسداد دہشت گردی کی دو کارروائیوں میں 8 دہشگردوں کو جہنم واصل کر دیا، ان کارروائیوں کا مقصد بھارتی پراکسیوں، فتنہ الہندوستان کا خاتمہ تھا۔

راولپنڈی ۔27جون (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں 25 اور 26 جون کوانسداد دہشت گردی کی دو کارروائیوں میں 8 دہشگردوں کو جہنم واصل کر دیا، ان کارروائیوں کا مقصد بھارتی پراکسیوں، فتنہ الہندوستان کا خاتمہ تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق 25 جون کو سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خاران میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر دہشت گردوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کو پکڑا اور پیشہ وارانہ اور ہنر مندی کے تحت کی گئی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ اسی طرح 26 جون کو بلوچستان کے ضلع مستونگ میں خودکش بمبار کی ممکنہ موجودگی کے خلاف ایک پیشگی انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا۔

پاک فوج کے جوانوں نے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک خودکش بمبار سمیت پانچ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان دہشت گردوں کے زیر استعمال اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ بم اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔

علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سپانسر شدہ دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے تلاشی کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وژن ’’عزم استحکام‘‘(جس کی نیشنل ایکشن پلان پر وفاقی سپریم کمیٹی نے منظوری دی )کے تحت انسداد دہشت گردی کی انتھک مہم ملک سے غیر ملکی سپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بھر پور طریقے سے جاری رہے گی۔