گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ہفتہ کواپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیاجو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف غیرمتزلزل عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کامیاب کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے نہایت اہم ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے اس کامیاب آپریشن پر حکومت بلوچستان اور سکیورٹی فورسز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے فورسز کی بے مثال قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔