گورنر خیبر پختونخوا کا بلوچستان میں کامیاب آپریشنز کے دوران 8دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

گورنر خیبر پختونخوا کا بلوچستان میں کامیاب آپریشنز کے دوران 8دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

پشاور۔ 27 جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہندوستان کی سرپرستی کے حامل فتنہ الخوارج جیسے اسلام اور ملک دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سیکورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔

انہوں نے اس کارروائی پر حکومت بلوچستان اور سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کےلیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ گورنر نے کہا کہ پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا، دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں قومی عزم کی عکاس ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم اپنی بہادر سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی، پاکستان دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ملکی دفاع و سلامتی کےلیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔