ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی انجینئر صبغت اللہ نے کہا ہے کہ شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران شہری اپنی صحت اور حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ گرمی سے پیدا ہونے والی طبی پیچیدگیوں اور ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔
شدید گرمی میں شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ موسمی طبی پیچیدگیوں اور ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرراولپنڈی

مزید خبریں
راولپنڈی۔30جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی انجینئر صبغت اللہ نے کہا ہے کہ شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران شہری اپنی صحت اور حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ گرمی سے پیدا ہونے والی طبی پیچیدگیوں اور ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔ یہ بات انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جس کے باعث درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور اگر باہر جانا ناگزیر ہو تو سر کو کپڑے یا ٹوپی سے ڈھانپیں۔انہوں نے کہا کہ گرمی میں پانی اور دیگر مشروبات کا زیادہ استعمال کیا جائے تاکہ جسم میں پانی کی کمی پیدا نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں کیونکہ یہ افراد شدید گرمی سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔انجینئر صبغت اللہ نے کہا کہ شدید گرمی کے اوقات میں سخت جسمانی مشقت اور کھلے مقامات پر غیر ضروری سرگرمیوں سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ ہیٹ سٹروک کی علامات جیسے چکر آنا، جسمانی کمزوری، زیادہ پسینہ آنا یا بے ہوشی کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 سے رابطہ کریں تاکہ بروقت امدادی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔








