وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یومِ پارلیمان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پارلیمان عوام کی امنگوں کی حقیقی ترجمان اور جمہوری نظام کا مضبوط ترین ستون ہے
پارلیمان عوام کی امنگوں کی حقیقی ترجمان اور جمہوری نظام کا مضبوط ترین ستون ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 30 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یومِ پارلیمان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پارلیمان عوام کی امنگوں کی حقیقی ترجمان اور جمہوری نظام کا مضبوط ترین ستون ہے، ایک مضبوط، فعال اور بااختیار پارلیمان ہی عوامی نمائندگی، مؤثر قانون سازی، احتساب اور شفاف حکمرانی کو یقینی بنانے کی ضامن ہوتی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عالمی یومِ پارلیمان ہمیں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی خدمت کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری معاشروں کی ترقی کا انحصار ایسے مضبوط پارلیمانی اداروں پر ہے جو عوام کی خواہشات کے مطابق قانون سازی کریں اور قومی مفاد کو مقدم رکھیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان مضبوط، بااختیار اور مؤثر پارلیمانی روایات کے فروغ پر یقین رکھتی ہے اور صوبے میں جمہوری اداروں کے استحکام، شفافیت، جوابدہی اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی عوام کے مسائل کے حل، مؤثر قانون سازی، عوامی مفادات کے تحفظ اور شفاف طرزِ حکمرانی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے جبکہ منتخب عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے آئین و قانون کی پاسداری اور قومی مفاد کو ہر حال میں مقدم رکھیں ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جمہوری اداروں کا استحکام، آئینی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوامی اعتماد ہی پاکستان کے روشن، مستحکم اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں ۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان جمہوری اقدار، مضبوط پارلیمانی نظام اور عوامی خدمت کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔








