ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کے شعبہ نفسیات کے زیراہتمام ذہنی صحت کے فروغ کیلئے ”پرابلم مینجمنٹ پلس“ کے موضوع پر چار روزہ ماسٹر ٹرینر ورکشاپ 2 جولائی سے شروع ہوگی
ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں ذہنی صحت کے فروغ کیلئے چار روزہ ماسٹر ٹرینر ورکشاپ 2 جولائی سے شروع ہو گی

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 30 جون (اے پی پی):ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کے شعبہ نفسیات کے زیراہتمام ذہنی صحت کے فروغ کیلئے ”پرابلم مینجمنٹ پلس“ کے موضوع پر چار روزہ ماسٹر ٹرینر ورکشاپ 2 جولائی سے شروع ہوگی۔ ترجمان ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کے مطابق یہ تربیتی پروگرام نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ اینڈ کیئر ریسرچ کے مالی تعاون سے قائم سنٹر فار امپیکٹ مینٹل ہیلتھ کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے جس میں انسٹی ٹیوٹ آف سائیکاٹری راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی بطور شراکت دار شامل ہے۔
ورکشاپ کا بنیادی مقصد ماہرینِ صحت اور متعلقہ پیشہ ور افراد کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے تاکہ وہ کمیونٹی سطح پر ذہنی صحت کی بہتری کیلئے شواہد پر مبنی نفسیاتی مداخلتوں کو موثر انداز میں فراہم کر سکیں۔
اس تربیتی پروگرام کے دوران شرکاء کو ذہنی دباؤ اضطراب اور دیگر نفسیاتی مسائل سے نمٹنے کے جدید اور موثر طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا جس سے کمیونٹی میں ذہنی صحت کی سہولیات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایسے تربیتی پروگرام ذہنی صحت کے شعبہ میں پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ اور عوام کو معیاری نفسیاتی خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔








