شیخوپورہ ،ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے پلاسٹک شاپرز پر پابندی ناگزیر ہے،پارلیمانی سیکرٹری ماحولیات

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف، اور سینئر منسٹر مریم اورنگزیب زیب کی ہدایت پر پارلیمانی سیکرٹری ماحولیات میڈم کنول لیاقت نےشیخوپورہ کا دورہ کیا ، اس دوران انہوں نے پلاسٹک بیگز پر پابندی سے متعلق آگاہی کیمپ کا بھی دورہ کیا

شیخوپورہ۔ 30 جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف، اور سینئر منسٹر مریم اورنگزیب زیب کی ہدایت پر پارلیمانی سیکرٹری ماحولیات میڈم کنول لیاقت نےشیخوپورہ کا دورہ کیا ، اس دوران انہوں نے پلاسٹک بیگز پر پابندی سے متعلق آگاہی کیمپ کا بھی دورہ کیا ،جہاں انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات کی جانب سے جناح پارک مارکیٹ میں لگائے گئے آگاہی کیمپ میں شرکت کی۔کیمپ کا مقصد 75 مائیکرون سے کم موٹائی والے پلاسٹک شاپر بیگز کے استعمال پر پابندی اور اس کے متبادل کے طور پر کپڑے اور گتے کے بیگز کے فروغ سے متعلق عوامی آگاہی تھا۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری ماحولیات کنول لیاقت نے انجمن تاجران، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے پلاسٹک کے غیر معیاری بیگز کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے پابندی پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ ماحولیات کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے شرکاء کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔پارلیمانی سیکرٹری نے کیمپ میں موجود لوگوں میں کپڑے اور گتے سے تیار کردہ ماحول دوست بیگز بھی تقسیم کیے تاکہ شہریوں کو متبادل آسانی سے دستیاب ہو سکیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعمان علی ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر عمران علی ہرل، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات سمیت دیگر ضلعی افسران اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں 75 مائیکرون سے کم پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ ماحول دوست متبادل اپنا کر ماحولیاتی تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں ۔