شہریوں کو صاف، ستھرا اور صحت مند ما حول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے،ڈپٹی کمشنر ملتان

ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے صفائی آپریشن، ڈورٹوڈورویسٹ کلیکشن سسٹم اورفیلڈ میں جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نےمختلف شاہر اہوں

ملتان۔ 30 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے صفائی آپریشن، ڈورٹوڈورویسٹ کلیکشن سسٹم اورفیلڈ میں جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نےمختلف شاہر اہوں، گلی محلوں اور رہائشی علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور کوڑا کرکٹ بروقت اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔

دورہ کے دور ان ڈپٹی کمشنر نے صفائی عملے سے ملاقات کی، ان کی حاضری، کارکردگی اور دستیاب وسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نےعملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کر نے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور محنت سے ادا کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صفائی کے نظام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔محمد نعمان صدیق نے گلی محلوں میں پیدل چل کر صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور شہریوں سے براہِ راست ملاقات کر کے صفائی کے انتظامات اور ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن سسٹم سے متعلق ان کی آراء اورتجاویز بھی حاصل کیں۔

شہریوں نے مختلف علاقوں میں صفائی کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں، جن پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو صاف، ستھرا اور صحت مند ما حول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کی روزانہ بنیادوں پر مانیٹرنگ کی جائے، کوڑا کرکٹ بروقت ٹھکانے لگایا جائے اورعوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہرِ اولیاء کو صاف، خوبصورت اور مثالی شہر بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائےجائیں گے، جبکہ صفائی کے نظام کو مزید مؤثر اور پائیدار بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی بھی جاری رکھی جائے گی۔

 

مزید خبریں