امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی مذاکرات جاری ہیں ، جے ڈی وینس

امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ان کے ملک اور ایران کے درمیان تکنیکی مذاکرات جاری ہیں

واشنگٹن۔1جولائی (اے پی پی):امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ان کے ملک اور ایران کے درمیان تکنیکی مذاکرات جاری ہیں ۔ بی بی سی کے مطابق امریکی نائب صدر نے کہاہے کہ دوحہ میں جاری مذاکرات سے متعلق ایران کی عوامی سطح پر تردید دراصل ایک دانستہ ’’فارسی طرزِ مذاکرات‘‘ ہے، جبکہ ان کے مطابق امریکی حکومت اورایرانی حکومت کے درمیان تکنیکی سطح کی بات چیت جاری ہے۔دی مائیکل نولز شو کو دیئے گئے انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ مقررہ مذاکرات ہونے تھے، دراصل تکنیکی نوعیت کے مذاکرات، جو پہلے سے جاری بات چیت کی بنیاد پر آگے بڑھ رہے ہیں اور یہ یقینی طور پر یکم جولائی کو ہو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تہران کے عوامی بیانات انھیں دلچسپ اور کسی حد تک پریشان کن لگتے ہیں کیونکہ ایرانی حکام ایک طرف امن مذاکرات کی تردید کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب تکنیکی سطح کی بات چیت کو تسلیم بھی کرتے ہیں۔ جے ڈی وینس نے کہا کہ ایرانی کہتے ہیں کہ نہیں، امن مذاکرات نہیں ہو رہے، لیکن ساتھ یہ بھی کہتے ہیں کہ امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے حوالے سے تکنیکی مذاکرات جاری ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ یہ ایک فارسی طرزِ مذاکرات اور بیانیہ ہے جسے میں سمجھ نہیں پاتا۔ وائٹ ہاؤس کے نمائندے سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پیر کو اس وقت دوحہ روانہ ہوئے تھے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے قطری دارالحکومت میں ملاقات کی درخواست کی ہے۔ تاہم ایران نے امریکا کے ساتھ کسی براہ راست ملاقات کی منصوبہ بندی کی تردید کی ہے، جبکہ یہ بھی کہا ہے کہ ثالثوں کے ذریعے مشاورت کا عمل جاری ہے۔