چترال لوئر، شدید بارش و سیلابی ریلے کے باعث ریسکیو 1122 کی بروقت امدادی کارروائیاں جاری

چترال لوئرکے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سےشروع ہونے والے شدید بارش اور سیلابی ریلے کے باعث ریسکیو 1122 کی بروقت امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔

پشاور۔ 01 جولائی (اے پی پی):چترال لوئرکے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سےشروع ہونے والے شدید بارش اور سیلابی ریلے کے باعث ریسکیو 1122 کی بروقت امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔ترجمان ریسکیو1122چترال لوئر کے مطابق گزشتہ رات چترال لوئر کے مختلف علاقوں میں بارش اور اچانک آنے والے سیلابی ریلے کے باعث متعدد مکانات، دکانوں، دیگر املاک اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچاجبکہ مختلف رابطہ سڑکیں بھی بند ہو گئیں۔اطلاعات ملتے ہی ریسکیو 1122 چترال لوئر کی امدادی ٹیمیں فوری طور  پر موقع پر پہنچ گئیں اور رات بھر ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیتی رہیں۔ ریسکیو1122 امدادی ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کی مدد، صورتحال کا جائزہ لینے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بدستور الرٹ ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق اب تک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا شہریوں سے اپیل کرتا ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور سیلابی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کی ہیلپ لائن 1122 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔