آئرلینڈ نے آج یکم جولائی سے یورپی یونین کی کونسل کی چھ ماہ کے لیے گردشی صدارت سنبھال لی، اس دوران اسے بڑھتے ہوئے عالمی جغرافیائی و سیاسی چیلنجز کے درمیان تقریباً 300 قانون سازی سے متعلق معاملات پر پیش رفت کرنی ہوگی۔
آئرلینڈ نے یورپی یونین کی کونسل کی گردشی صدارت سنبھال لی

مزید خبریں
ڈبلن۔1جولائی (اے پی پی):آئرلینڈ نے آج یکم جولائی سے یورپی یونین کی کونسل کی چھ ماہ کے لیے گردشی صدارت سنبھال لی، اس دوران اسے بڑھتے ہوئے عالمی جغرافیائی و سیاسی چیلنجز کے درمیان تقریباً 300 قانون سازی سے متعلق معاملات پر پیش رفت کرنی ہوگی۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق ان معاملات میں یورپی یونین کے طویل المدتی بجٹ پر مذاکرات، یورپی دفاع، یوکرین کی حمایت، ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات اور مرکوسور تجارتی معاہدہ شامل ہیں۔آئرلینڈ نے کہا ہے کہ اس کی چھ ماہ کی صدارت کے دوران یورپی یونین کی مسابقتی صلاحیت کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے قواعد و ضوابط کو آسان بنایا جائے گا، رہائشی، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے گی، مشترکہ یورپی منڈی کو مزید مستحکم کیا جائے گا اور قابلِ اعتماد شراکت داروں کے ساتھ تجارتی روابط کو وسعت دینے کے ساتھ سپلائی چین کو بھی زیادہ مضبوط بنایا جائے گا۔آئرش صدارت توانائی کے تحفظ، صاف توانائی کی جانب منتقلی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور زیرِ سمندر مواصلاتی کیبلز کے تحفظ کو بھی ترجیح دے گی،اس کے ساتھ ساتھ پائیدار زراعت اور ماہی گیری، جدت طرازی، ایراسمس پلس طلبہ تبادلہ پروگرام، سیمی کنڈکٹرز اور حیاتیاتی ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری اور صحت و طبی ٹیکنالوجی سے متعلق قوانین کو جدید بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی، تاکہ یورپی یونین کی اقتصادی اور تزویراتی صلاحیت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔








