خاتونِ اول اور رکنِ قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے ہان سیونگ سوک کو جمہوریہ کوریا کی وزیرِ اعظم کی حیثیت سے تقرری پر مبارکباد دی ہے۔
خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری کی ہان سیونگ سوک کو جمہوریہ کوریا کی وزیرِ اعظم بننے پر مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):خاتونِ اول اور رکنِ قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے ہان سیونگ سوک کو جمہوریہ کوریا کی وزیرِ اعظم کی حیثیت سے تقرری پر مبارکباد دی ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق خاتون اول نے کہا کہ ہان سیونگ سوک کی تقرری ٹیکنالوجی، جدت اور کاروباری شعبوں میں ان کی ممتاز قیادت کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقرری قیادت اور عوامی خدمت میں خواتین کے کردار کے فروغ کی جانب اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ خاتون اول نے کہا کہ پاکستان و عالمِ اسلام کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم شہید بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی اور پاکستان کی خاتونِ اول ہونے کے ناطے میرے لیے یہ ایک منفرد اعزاز اور باعثِ افتخار ہے کہ میں آپ کو جمہوریہ کوریا کی وزیرِ اعظم مقرر ہونے پر دلی مبارکباد پیش کروں۔ آصفہ بھٹو زرداری نے کوریا کی وزیراعظم کو اہم قومی فرائض کی انجام دہی میں ہر ممکن کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ محترمہ ہان کی تقرری اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ خواتین قیادت کے اعلیٰ مناصب پر فائز ہو کر قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرسکتی ہیں۔ خاتونِ اول نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جدت طرازی کے فروغ اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی سرپرستی کے حوالے سے ہان سیونگ سوک کا وسیع تجربہ جمہوریہ کوریا کی مسلسل ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ وزیرِ اعظم ہان سیونگ سوک کے دورِ قیادت میں پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون دونوں ممالک اور ان کے عوام کے باہمی مفاد کے لیے مزید مضبوط ہوں گے








