اوگرا نے راولپنڈی میں نوٹیفائیڈ قیمت کی خلاف ورزی پر 6 ایل پی جی پلانٹس سیل کر دیئے
اوگرا نے راولپنڈی میں نوٹیفائیڈ قیمت کی خلاف ورزی پر 6 ایل پی جی پلانٹس سیل کر دیئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):عوامی شکایات اور مختلف اخبارات میں شائع ہونے والی رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے راولپنڈی میں نوٹیفائیڈ قیمت کی خلاف ورزی پر 6 ایل پی جی پلانٹس سیل کر دیئے۔ ترجمان اوگرا کے مطابق نوٹیفائیڈ قیمت سے زائد نرخوں پر ایل پی جی کی فروخت اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف ملک بھر میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے سخت کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تک راولپنڈی میں نوٹیفائیڈ قیمت کی خلاف ورزی کرنے والے 9 ایل پی جی پلانٹس کو سیل کیا جا چکا ہے۔ اوگر اصارفین کے حقوق کے تحفظ اور ایل پی جی کی نو ٹیفائیڈ قیمت پر دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے ملک بھر میں نگرانی اور نفاذ کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
نوٹیفائیڈ قیمتوں کی خلاف ورزی، ناجائز منافع خوری یا دیگر ریگولیٹری تقاضوں کی خلاف ورزی میں ملوث افراد اور اداروں کے خلاف اوگرا اپنے نافذ العمل قوانین اور ضابطوں کے مطابق سخت قانونی کارروائی بھی عمل میں لائے گا۔ اوگرا نے ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں ، پلانٹس، ڈسٹری بیوٹرز اور ڈیلرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ قیمتوں اور متعلقہ قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔








