ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اپر کوہستان امجد علی نے ڈی ایف او اور ٹی ایم او کے ساتھ جنگلات میں لگنے والی آگ سے بچاؤ، بروقت رسپانس اور موثر انتظام بارے اجلاس میں شرکت کی۔
ریسکیو 1122 اپر کوہستان کا جنگلات میں لگنے والی آگ سے بچاؤ اور موثر انتظام بارے اجلاس
ایبٹ آباد۔ 03 جولائی (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اپر کوہستان امجد علی نے ڈی ایف او اور ٹی ایم او کے ساتھ جنگلات میں لگنے والی آگ سے بچاؤ، بروقت رسپانس اور موثر انتظام بارے اجلاس میں شرکت کی۔ ترجمان ریسکیو 1122 اپر کوہستان کے مطابق اجلاس کا بنیادی مقصد جنگلات میں آگ لگنے کے ممکنہ خطرات کا جائزہ لینا، متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید موثر بنانا، ایمرجنسی رسپانس پلان کا جائزہ لینا اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنا تھا۔ اجلاس کے دوران جنگلات میں آگ لگنے کی وجوہات، حساس علاقوں کی نشاندہی، آگ کی بروقت اطلاع، ریسکیو آپریشن، آلات کی دستیابی اور عوامی آگاہی کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر تمام متعلقہ اداروں کے درمیان موثر رابطہ برقرار رکھنے، معلومات کے بروقت تبادلے اور مشترکہ کارروائی کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے ہدایت کی کہ تمام ریسکیو ٹیمیں ہر وقت الرٹ رہیں، فائر فائٹنگ آلات کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے، حساس جنگلاتی علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور کسی بھی آگ لگنے کی اطلاع پر فوری اور موثر رسپانس کو یقینی بنایا جائے۔ اس دوران عوام سے اپیل کی گئی کہ جنگلات میں آگ جلانے، سگریٹ یا ماچس کی جلتی ہوئی تیلی پھینکنے اور دیگر ایسے اقدامات سے گریز کریں جو آگ لگنے کا سبب بن سکتے ہیں۔
کسی بھی مشکوک صورتحال یا جنگل میں آگ لگنے کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 یا متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جائے تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے جانی و مالی نقصان اور قدرتی وسائل کے ضیاع سے بچا جا سکے۔ اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ اداروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جنگلات کے تحفظ، ماحول کی حفاظت اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے باہمی تعاون، موثر رابطے اور بروقت کارروائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔








