ٹیوٹا پنجاب کیریئرز سیالکوٹ ٹیم نے نجی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی نیا ٹیلی (Nayatel) کے تعاون سے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی سیالکوٹ میں کیمپس ریکروٹمنٹ ڈرائیو کا انعقاد کیا۔
ٹیوٹا پنجاب کیریئرز سیالکوٹ ٹیم کا گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی میں کیمپس ریکروٹمنٹ ڈرائیو کا انعقاد
سیالکوٹ۔ 03 جولائی (اے پی پی):ٹیوٹا پنجاب کیریئرز سیالکوٹ ٹیم نے نجی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی نیا ٹیلی (Nayatel) کے تعاون سے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی سیالکوٹ میں کیمپس ریکروٹمنٹ ڈرائیو کا انعقاد کیا۔ریکروٹمنٹ ڈرائیو میں ڈی اے ای الیکٹریکل، الیکٹرانکس ٹیکنالوجی کے سابق طلبہ نے شرکت کی۔ بھرتی کے عمل کے دوران متعدد امیدواروں کو ایسوسی ایٹ انجینئر کے عہدے کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا، جبکہ انہیں آئندہ مرحلے میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ٹیوٹا پنجاب فنی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور انہیں صنعتی شعبے سے منسلک کرنے کے لیے مختلف اداروں کے اشتراک سے کیمپس ریکروٹمنٹ ڈرائیوز کا انعقاد کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں فنی تعلیم اور روزگار کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے، صنعتوں کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری اور نوجوانوں کو باوقار روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔









