پشاور، معاون خصوصی برائے خوراک کا مردان کے سرکاری گندم گودام کا دورہ، ذخیرہ گندم کے معیار و انتظامات کا جائزہ لیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے مردان کے سرکاری گندم گودام کا دورہ کیا

پشاور۔ 03 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے مردان کے سرکاری گندم گودام کا دورہ کیا، جہاں محکمہ خوراک کے حکام نے انہیں ذخیرہ شدہ گندم، گودام کی گنجائش، حفاظتی انتظامات اور انتظامی امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔دورے کے دوران معاون خصوصی نے سرکاری گودام میں ذخیرہ شدہ گندم کے معیار، مقدار، سٹوریج سسٹم اور حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے گودام میں ذخیرہ گندم کے معیار اور اس کی دیکھ بھال کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سرکاری گندم کے ذخیرے کو مزید محفوظ بنانے اور سٹوریج کے نظام کو جدید، موثر اور شفاف بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت سرکاری گندم کے محفوظ ذخیرے کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کے ذخائر کی موثر نگرانی اور جدید سٹوریج نظام نہ صرف قومی وسائل کے تحفظ بلکہ عوام کو معیاری گندم اور سستے آٹے کی مسلسل فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔معاون خصوصی ڈاکٹرمحمد اسرارخان نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات کے مطابق محکمہ خوراک کی استعدادِ کار میں مسلسل بہتری لائی جا رہی ہے اور صوبائی حکومت عوام کو معیاری گندم اور سستے آٹے کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ گوداموں میں ذخیرہ شدہ گندم کے معیار، شفافیت اور حفاظتی انتظامات کی باقاعدہ نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی مفاد کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جا سکے۔