وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی سے گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مٹو کی قیادت میں ایک وفد نے وزارتِ ریلوے میں ملاقات کی
وفاقی وزیر ریلوے سے گجرات چیمبرکے وفد کی ملاقات، کارگو سروسز کو مزید مؤثر بنانے، صنعتکاروں اور کاروباری برادری کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر تبادلہ خیال
اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی سے گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مٹو کی قیادت میں ایک وفد نے وزارتِ ریلوے میں ملاقات کی۔وفد میں سابق ایم پی اے و سابق میئر گجرات حاجی ناصر محمود، سابق صدر گجرات چیمبر باؤ منیر احمد، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین چوہدری عمران وڑائچ، عادل اشرف بھٹہ، عمران عباس، معصوم قمر، عبدالرحمن، عاقف سعید، عباس بٹ، قیصر لطیف، راجہ آصف، چیئرمین کمیٹی سرفراز نذر، سابق چیئرمین پولٹری ایسوسی ایشن حاجی زاہد محمود، حاجی جاوید اقبال اور چوہدری عدیل شامل تھے۔ترجمان ریلوے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران ریلوے کے ذریعے ملکی تجارت کے فروغ، کارگو سروسز کو مزید مؤثر بنانے، صنعتکاروں اور کاروباری برادری کو بہتر سہولیات کی فراہمی، لاجسٹکس کے نظام میں بہتری اور گجرات سمیت مختلف صنعتی علاقوں کو ریلوے نیٹ ورک سے زیادہ مؤثر انداز میں منسلک کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے وفاقی وزیر کو کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور تجاویز سے آگاہ کیا اور ریلوے کارگو سروسز کو جدید خطوط پر استوار کرنے، سامان کی بروقت ترسیل اور نجی شعبے کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے کو قومی معیشت کا مؤثر ستون بنانے اور ریلوے کے ذریعے تجارت و صنعت کے فروغ کے لئے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارگو آپریشنز کی استعداد بڑھانے، جدید سہولیات کی فراہمی اور کاروباری برادری کے ساتھ مسلسل مشاورت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ ریلوے کو تجارت کے لئے ایک قابلِ اعتماد، تیز رفتار اور کم لاگت ذریعہ بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے وفد کو یقین دلایا کہ کاروباری برادری کی قابلِ عمل تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا اور پاکستان ریلوے کی کارکردگی، کارگو سہولیات اور تجارتی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ وفد نے وزیر ریلوے کی جانب سے مسائل کے حل اور کاروباری برادری کے ساتھ مؤثر رابطے کی یقین دہانی کو سراہا۔









