پاکستان -ترکیہ کا بحری امور اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
پاکستان -ترکیہ کا بحری امور اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):پاکستان اور ترکیہ نے بحری امور اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کرتے ہوئے اقتصادی روابط کے استحکام، جدید انفراسٹرکچر کی ترقی اور پائیدار معاشی نمو کے لئے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جمعہ کو یہ اتفاق رائے استنبول میں وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری اور ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اورال اوغلو کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پایا۔
ملاقات کے دوران دونوں وزراء نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان جاری تعاون کا جائزہ لیا اور بحری امور، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر اور لاجسٹکس کے شعبوں میں اشتراک کو مزید وسعت دینے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ قریبی تعاون سے برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔دونوں ممالک نے بحری انفراسٹرکچر کی ترقی اور جدید ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کے لئے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
وزراء نے اس امر پر زور دیا کہ مضبوط بحری اور ٹرانسپورٹ نیٹ ورک نہ صرف تجارت کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے بلکہ علاقائی روابط کو مستحکم کرنے اور طویل المدتی معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ ملاقات میں پائیدار ترقی کے مواقع اور بحری و ٹرانسپورٹ شعبوں میں باہمی سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقین نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ تعاون کے فروغ سے پاکستان اور ترکیہ کی دیرینہ شراکت داری مزید مستحکم ہوگی اور خطے میں اقتصادی خوشحالی کو فروغ ملے گا۔









