وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں ٹریفک چالاننگ کے نظام میں تاریخی اور جدید تبدیلی کرتے ہوئے شواہد پر مبنی نیا ٹریفک چالاننگ سسٹم نافذ کر دیا گیا
پنجاب بھر میں نیاٹریفک چالاننگ سسٹم نافذ
لاہور۔3جولائی (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں ٹریفک چالاننگ کے نظام میں تاریخی اور جدید تبدیلی کرتے ہوئے شواہد پر مبنی نیا ٹریفک چالاننگ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے،جس کے تحت ہر چالان ویڈیو اور تصاویر سمیت مکمل ثبوت کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق وزیراعلی مریم نواز کے وژن کے مطابق صوبے میں صاف،شفاف اور منصفانہ چالاننگ نظام متعارف کرایا گیا ہے۔نئے نظام کے تحت ٹریفک پولیس کی "ون ایپ” کے ذریعے ہر ٹریفک چالان موقع پر لی گئی ویڈیو اور تصاویر کے ساتھ جاری کیا جائے گا تاکہ ہر کارروائی مکمل شواہد پر مبنی ہو۔ترجمان نے بتایا کہ شہریوں کو ٹریفک چالان کی اطلاع8070 سے الرٹ ایس ایم ایس کے ذریعے موصول ہوگی،جس میں ٹریفک خلاف ورزی کے ثبوت کا لنک بھی شامل ہوگا۔شہری اس لنک کو کھول کر اپنی ٹریفک خلاف ورزی کی ویڈیو اور تصاویر دیکھ سکیں گے،جس سے چالاننگ کے عمل میں شفافیت اور اعتماد مزید بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات پر شواہد پر مبنی چالاننگ نظام کا باقاعدہ نفاذ کر دیا گیا ہے، جس سے غیر ضروری بحث و تکرار میں کمی آئے گی،شہریوں اور ٹریفک پولیس دونوں کا قیمتی وقت بچے گا جبکہ چالان ادا نہ کرنے والوں کے خلاف موثر اور ثبوت پر مبنی قانونی کارروائی بھی ممکن ہوگی۔ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے کہا کہ شواہد پر مبنی چالاننگ نظام پنجاب میں جدید ٹریفک مینجمنٹ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس میں جدید ٹیکنالوجی،شفافیت اور عوام دوست خدمات کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے جبکہ فوری،شفاف اور منصفانہ انصاف ہی ترقی یافتہ اور متوازن معاشرے کی بنیاد ہے۔









