عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، سید موسیٰ رضا

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جانب سے لاہور بھر میں آپریشن کرتے ہوئے21 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی

لاہور۔3جولائی (اے پی پی):ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جانب سے لاہور بھر میں آپریشن کرتے ہوئے21 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی،جس میں سے19کو 4لاکھ 46 ہزار کے جرمانے عائد کئے گئے،گلبرگ 3 میں معروف بیکری یونٹس بھی بند کردیئے اور ایکسپائر اشیا تلف کردی گئیں۔بکر منڈی میں بھی غیر قانونی سلاٹر ہائوس سے210 کلو گوشت تلف کرکے1مقدمہ درج کروا دیا ،کارروائی کے دوران 1فریزر،2 نیلے ڈرم،5ہک، 2 چھریاں اور دیگر سامان بھی ضبط کرلیا گیا۔جاری تفصیلات میں بتایا گیا کہ گوشت کا موقع پر تفصیلی معائنہ کیا گیا جس کو انسانی استعمال کیلئے مضر قرار پایا گیا،بدبودار بے رنگ گوشت کو ٹوٹے فریزر میں سٹور کیا گیا تھا،انتہائی لازم ریکارڈ اور ضروری دستاویزات عدم موجود پائی گئیں،سٹور کئے گئے گوشت پر ٹیگنگ عدم موجود پائی گئی جبکہ صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے،بیکری یونٹس کے بیکنگ ایریا میں حشرات کی بھرمار،سگریٹ کی باقیات موجود تھی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسی رضا کے مطابق معیاری خوراک کی فراہمی اور ملاوٹ مافیا کی سرکوبی کیلئے کوشاں ہیں،پنجاب میں خوراک کا کاروبار کرنے کیلئے قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے،عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔