پاکستان کی آئی ٹی یو آئی سی ٹی ڈویلپمنٹ انڈیکس 2026 میں نمایاں بہتری،آئی ڈی آئی سکور 56.4 سے بڑھ کر 67.7 ہو گیا، کنیکٹیویٹی کے شعبے میں 22.8 پوائنٹس بہتری

پاکستان کی آئی ٹی یو آئی سی ٹی ڈویلپمنٹ انڈیکس 2026 میں نمایاں بہتری،آئی ڈی آئی سکور 56.4 سے بڑھ کر 67.7 ہو گیا، کنیکٹیویٹی کے شعبے میں 22.8 پوائنٹس بہتری

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):پاکستان نے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کے آئی سی ٹی ڈویلپمنٹ انڈیکس 2026 میں نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔ یہ پیش رفت ملک میں انٹرنیٹ، ٹیلی کام نیٹ ورکس اور ڈیجیٹل سہولتوں میں بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔جمعہ کووزارت آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن سے جاری بیان کے مطابق تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کا آئی ڈی آئی سکور 2025 میں 56.4 تھا، جو 2026 میں بڑھ کر 67.7 ہو گیا ہے۔ یہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 فیصد بہتری ہے۔ پاکستان نے کنیکٹیویٹی کے شعبے میں بھی 22.8 پوائنٹس بہتری حاصل کی، جبکہ ملک کا میننگ فل کنیکٹیویٹی سکور 79 تک پہنچ گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی درجہ بندی کے اندازاً مقام میں بھی 27 درجے بہتری آئی ہے۔آئی سی ٹی ڈویلپمنٹ انڈیکس 2023 میں متعارف کرائے گئے نئے طریقہ کار کے تحت تیار کیا جاتا ہے۔ اب اس میں صرف یہ نہیں دیکھا جاتا کہ لوگوں کو انٹرنیٹ دستیاب ہے یا نہیں بلکہ یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ انٹرنیٹ قابلِ اعتماد، سستا، مفید اور عام لوگوں کے لیے قابلِ استعمال ہے یا نہیں۔ اس انڈیکس میں نیٹ ورک اور بنیادی انفراسٹرکچر کی دستیابی کے ساتھ ساتھ موبائل، ڈیوائسز اور ڈیٹا کے استعمال جیسے عوامل بھی شامل ہوتے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان کی یہ بہتری وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن اور اُن کی سربراہی میں آئی ٹی و ٹیلی کام شعبے کو دی گئی حکومتی ترجیح کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بہتر انٹرنیٹ اور مضبوط ٹیلی کام نیٹ ورک نوجوانوں، طلبہ، فری لانسرز، اسٹارٹ اَپس، کاروبار اور عام شہریوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرتے ہیں۔ آج تعلیم، روزگار، آن لائن کام، کاروبار اور سرکاری سروسز تک رسائی کے لیے قابلِ اعتماد ڈیجیٹل کنیکٹوٹی ضروری ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں بہتر، قابلِ اعتماد اور سستی ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی کے لیے کام جاری رکھے گی۔

اس مقصد کے لیے ٹیلی کام کے بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری، سروس معیار، سرمایہ کاری میں آسانی اور ڈیجیٹل شمولیت پر توجہ دی جا رہی ہے۔پاکستان کی آئی ٹی یو آئی سی ٹی ڈیولپمنٹ انڈیکس 2026 میں بہتری سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور عالمی شراکت داروں کے لیے بھی مثبت پیغام ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل معیشت کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔یہ پیش رفت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان بہتر انٹرنیٹ، مضبوط ڈیجیٹل بنیادوں اور ٹیکنالوجی کی مدد سے معاشی ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔

مزید خبریں