کیپٹن کرنل شیر خان شہید کا 27واں یوم شہادت عقیدت و احترام سےمنایا گیا
کیپٹن کرنل شیر خان شہید کا 27واں یوم شہادت عقیدت و احترام سےمنایا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):نشانِ حیدر پانے والے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کا 27واں یوم شہادت اتوار کو ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پر ملک بھر کی مساجد میں شہداء کےدرجات کی بلندی، مغفرت اور وطنِ عزیز کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔علمائے کرام نے اپنےخطابات میں پاکستان کےشہداء کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں قوم کا عظیم ترین فخر قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں پوری قوم کی مشترکہ امانت اور ذمہ داری ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔علمائے کرام کا کہنا تھا کہ پاکستان کے شہداء کی لازوال قربانیوں نے ملک کے امن، آزادی اور استحکام کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ باوقار قومیں ہمیشہ اپنے شہداء کو عزت واحترام کے ساتھ یاد رکھتی ہیں اور جوقومیں اپنے ہیروز کی قربانیوں کی قدر کرتی ہیں وہ عزت، اتحاد اور استحکام کی راہ پر آگے بڑھتی رہتی ہیں۔
کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ انہوں نےجرات، بہادری اور حب الوطنی کی ایسی روشن مثال قائم کی جو آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔1999ء کی کارگل جنگ کے دوران کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے وطن کے دفاع میں غیر معمولی بہادری، عزم اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے اگلے مورچوں سے قیادت کرتے ہوئے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور پاک فوج کی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، جس سے وہ عزت، شجاعت اور بے لوث خدمت کی لازوال مثال بن گئے۔
کیپٹن کرنل شیر خان 5 جولائی 1999ء کومادرِ وطن کے دفاع میں شہید ہوئے۔ ان کی بے مثال بہادری کے اعتراف میں انہیں بعد از شہادت نشانِ حیدر سے نوازا گیاجو پاکستان کا اعلیٰ ترین فوجی اعزاز ہے۔







