روانڈا کا 32واں یومِ آزادی (کویبوہورا) اسلام آباد میں قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا
روانڈا کا 32واں یومِ آزادی (کویبوہورا) اسلام آباد میں قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):روانڈا کا 32واں یومِ آزادی (کویبوہورا) اسلام آباد میں قومی جذبے کے ساتھ منایا گیاجہاں وفاقی وزراء، سفارت کاروں، ارکانِ پارلیمنٹ، کاروباری شخصیات اور سفارتی برادری کے نمائندوں نے شرکت کر کے 1994ء میں توتسی نسل کشی کے بعد روانڈا کے غیر معمولی سفر اور اسے افریقہ کی تیزی سے ترقی کرنے والی اور مضبوط معیشتوں میں شامل ہونے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔اسلام آباد میں روانڈا کے سفارت خانے کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں قومی اتحاد، بصیرت افروز قیادت، جدت اور مؤثر طرزِ حکمرانی کے ذریعے روانڈا کی شاندار ترقی کو اجاگر کیا گیاجبکہ پاکستان اور روانڈا کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی بھی توثیق کی گئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ روانڈا کا یومِ آزادی روانڈا کے عوام کے عزم،حوصلے اور استقامت کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کویبوہورا نہ صرف 1994ء کی توتسی نسل کشی کے خاتمے کا نہیں بلکہ امن، مفاہمت، قومی اتحاد اور پائیدار ترقی کے نئے دور کے آغاز کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران روانڈا کی گورننس، صحت، تعلیم، جدت اور معاشی ترقی کے شعبوں میں غیر معمولی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے اسے افریقہ میں بحالی اور خوشحالی کی ایک مثال قرار دیا۔ بیرسٹر عقیل ملک نے پاکستان اور روانڈا کے درمیان دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک تجارت، دفاع، تعلیم اور کثیرالجہتی سفارت کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں اور عالمی فورمز پر امن اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔اس موقع پر پاکستان میں جمہوریہ روانڈا کی ہائی کمشنر فاتو ہاریریمانا نے کہا کہ روانڈا 1994ء کی توتسی نسل کشی کے المناک سانحے سے نجات کے 32 سال مکمل ہونے کی یاد منا رہا ہے۔
انہوں نےروانڈا پیٹریاٹک آرمی کے ان بہادر فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے نسل کشی روکنے اورملک میں امن بحال کرنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ہائی کمشنر نے کہا کہ صدر پال کاگامے اور روانڈا پیٹریاٹک فرنٹ (آر پی ایف) کی بصیرت افروز قیادت میں روانڈا نے تاریخی تبدیلی کا سفر طے کیا اور آج وہ استقامت، جدت اور عزم کی بدولت افریقہ کا ایک اہم دروازہ بن چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ روانڈا نے معیشت، سیاحت،بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی،مصنوعی ذہانت اور کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روانڈا افریقہ میں ڈیجیٹل جدت کا قائد بن چکا ہےجہاں فائیو جی ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا چکی ہے اورمستقبل میں سکس جی کے آغاز کی تیاریاں جاری ہیں۔
اس کے علاوہ افریقہ فارماسوٹیکل ٹیکنالوجی فاؤنڈیشن اور کوڈنگ کالج اکیڈمی بھی قائم کی جا چکی ہیں تاکہ نوجوان افریقیوں کو جدید تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ روانڈا افریقہ کا پہلا ملک ہے جس نے جوہری توانائی کے شعبے میں پیش رفت شروع کی ہےجبکہ عالمی بینک کی بزنس ریڈی رپورٹ میں بھی وہ افریقہ کے نمایاں ممالک میں شمار ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ روانڈا عالمی معیار کے ہوٹلوں، قومی پارکوں، جدید انفراسٹرکچر اور زیرِ تعمیر نئے کیگالی بین الاقوامی ہوائی اڈے کی بدولت سیاحت اور بین الاقوامی کانفرنسوں کے لیے ایک اہم مرکز بن چکا ہے جومستقبل میں افریقہ کے بڑے فضائی مراکز میں شامل ہوگا۔کھیلوں کے شعبے میں انہوں نے کہا کہ روانڈا نے یونین سائیکلسٹ انٹرنیشنل (یو سی آئی) ورلڈ چیمپئن شپ، باسکٹ بال افریقہ لیگ اور بین الاقوامی والی بال مقابلوں سمیت متعددعالمی ایونٹس کی کامیاب میزبانی کی ہے، جبکہ کیگالی میں فارمولا ون ریس کے انعقاد کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔صحت کےشعبے میں انہوں نے بتایا کہ روانڈا کی 90 فیصد سے زائد آبادی ہیلتھ انشورنس سے مستفید ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ روانڈا ایم آر این اے ویکسین سازی میں عالمی رہنما کے طور پر ابھرا ہے اور جلد ہی افریقی میڈیسنز ایجنسی (اے ایم اے ) کے ہیڈکوارٹر کی میزبانی بھی کرے گا، جس سے افریقی یونین کے 2040ء تک افریقہ کی 60 فیصد ویکسین ضروریات مقامی سطح پر پوری کرنے کے ہدف کو تقویت ملے گی۔صنفی مساوات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ روانڈا میں تقریباً 64 فیصد پارلیمانی نشستوں پر خواتین فائز ہیں جو دنیا میں خواتین کی پارلیمانی نمائندگی کی بلند ترین شرح ہے۔ہائی کمشنر نے پاکستان اور روانڈا کے درمیان تعلقات کو باہمی احترام، مشترکہ تاریخی تجربات اور دفاع، صحت، تعلیم، پارلیمانی روابط، تجارت، صنفی مساوات اور انسانی حقوق کے شعبوں میں تعاون پر مبنی مضبوط شراکت داری قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اقوام متحدہ، امن مشنز، دولتِ مشترکہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر موسمیاتی تبدیلی، گرین انرجی اور عالمی امن سمیت مختلف امور پر قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے روانڈا میں مقیم پاکستانی برادری کے کردار کو بھی سراہا، جو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی، سفارتی، تجارتی اور عوامی روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر ہائی کمشنر نے تمام معزز مہمانوں، سفارتی برادری کے ارکان اور میڈیا نمائندوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی شرکت نے روانڈا کے سفرِ آزادی، استقامت اور قومی تعمیرِ نو کو خراجِ تحسین پیش کرنے والی اس تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔








