اسلام آباد پولیس نے نائنتھ ایونیو واقعہ میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار لیاہے،ملزم کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی،آئی جی اسلام آباد
اسلام آباد پولیس نے نائنتھ ایونیو واقعہ میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار لیاہے،ملزم کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی،آئی جی اسلام آباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس علی ناصررضوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر شہید کرنے کے واقعہ میں ملوث مرکزی ملزم سعد عباسی کو اسلام آباد پولیس نے تمام تر جدید وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے 9گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد گرفتار کر لیا ہے ،ملزم کو ضروری قانونی کارروائی کے بعدعدالت میں پیش کیا جائے گا اور اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
اتوار کی رات پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد کے نائتھ ایونیو پر ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا کہ ملزم سعد عباسی ایک خاتون کو موٹر سائیکل پر اصل مقام کے بجائےکسی پارک یا دوسری جگہ لے جانے کی کوشش کر رہا تھا جس پر خاتون نے مزاحمت کی اور دونوں کے درمیان نائتھ ایونیو شاہین چوک پر تلخ کلامی شروع ہو گئی، اسی دوران پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق اپنے سرکاری کام کےسلسلے میں وہاں سے گزر رہے تھے ، انہوں نے جب دیکھا کہ ملزم خاتون کو زبردستی لے جانے کی کوشش کررہا ہے تو انہوں نے اپنی گاڑی روکی، اپنا تعارف کرایا اور ملزم کو خاتون سے دور ہٹنے کا کہا تاہم ملزم نے فوراً اپنا پستول نکال کر گروپ کیپٹن پر فائر کردیا، جس سے گروپ کیپٹن عاصم طارق شدید زخمی ہوئے اور موقع پر ہی شہید ہوگئے، جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
آئی جی اسلام آباد نے کہاکہ گروپ کیپٹن عاصم طارق نے ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے وہی اقدام کیا جو ہر باشعور شخص کسی خاتون کو مشکل میں دیکھ کر کرتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم کی نیت خاتون کو زبردستی کسی اور مقام پر لے جانے کی تھی، لیکن خاتون کی مزاحمت اور بعد ازاں گروپ کیپٹن کی مداخلت سے اس کا منصوبہ ناکام ہوگیا۔انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد ملزم کی شناخت اور گرفتاری پولیس کے لیے ایک بڑا چیلنج تھی، کیونکہ خاتون صرف تقریباً دس روز سے ملزم کی موٹرسائیکل سروس استعمال کر رہی تھی اور اس کے گھر یا مکمل شناخت سے واقف نہیں تھی۔
کیس کی تفتیش کے لیے 11 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں ۔ انہوں نے کہاکہ جدید مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے ملزم کی نقل و حرکت، لباس کی تبدیلی اور موٹرسائیکل کی ٹریکنگ بھی کی گئی۔آئی جی نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ ملزم ایک ماہ قبل بھی ایک خاتون کو اسی طرح دھوکے سے میانوالی لے گیا تھا، تاہم اس معاملے میں باہمی صلح ہونے کے باعث پولیس تک شکایت نہیں پہنچی۔
انہوں نے کہا کہ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے موبائل فون بند کیا، سم استعمال کرنا چھوڑ دی، لباس تبدیل کیا اور سکائی ویز سے ٹکٹ لی اور مختلف طریقوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھوکا دینے کی کوشش کی، مگر جدید ٹیکنالوجی، مسلسل نگرانی اور مربوط ٹیم ورک کی بدولت اسلام آباد پولیس نے صرف نو گھنٹوں کے اندر ملزم سعد عباسی کو گرفتار کرلیا۔
علی ناصر رضوی نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی مسلسل کیس کی نگرانی کرتے رہے اورانہیں لمحہ بہ لمحہ تحقیقات کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور پیشہ ورانہ مہارت کے باعث یہ اہم کامیابی حاصل ہوئی۔
آئی جی نے کہا کہ اگرچہ گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت کا نقصان ناقابلِ تلافی ہے، تاہم پولیس نے ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا ہے اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے قانون کے مطابق سخت سزا دلانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ملزم کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے ۔پریس کانفرنس کے دوران پولیس کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔







