وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبے بھرمیں بلاامتیازترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، سپیکرپنجاب اسمبلی

وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبے بھرمیں بلاامتیازترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، سپیکرپنجاب اسمبلی

سرگودھا۔ 05 جولائی (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے بھرمیں بلاامتیازترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، عوام کو شدید گرمی کے دوران ایئر کنڈیشنڈ بسوں میں مفت سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ “ستھرا پنجاب”سمیت متعددمیگاپراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے،کرپشن ایک سنگین مسئلہ ہے جس کے خاتمے کے لیے مؤثر اور سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔ وہ سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ کرپشن کے خلاف قوانین موجود ہیں تاہم ماضی میں بعض اداروں کے اختیارات کا غلط استعمال بھی دیکھنے میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس جاوید اقبال کے دور میں نیب کو جس انداز میں استعمال کیا گیا، وہ ایک شرمناک مثال تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی ایک فرد کے پاس لامحدود اختیارات نہیں ہونے چاہئیں اور قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

ملک احمد خان نے کہا کہ “میں ہوں یا میرا بیٹا، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایت ہے کہ قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ “ستھرا پنجاب” حکومت کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے، جس میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی کشیدگی میں کمی آئے تاکہ جمہوری نظام مزید مستحکم ہو۔اس موقع پر سپیکر نے سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران سے ملاقات کی اور تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

تقریب میں سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خواجہ یاسر قیوم، سینئر نائب صدر میاں محمد عمران، سابق صدور میاں طارق یعقوب، مرزا فضل الرحمن، ملک آصف امیر اعوان، شیخ محمدنویداقبال سمیت ایگزیکٹو ممبران کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر چیمبر خواجہ یاسر قیوم نے مطالبہ کیا کہ سرگودھا میں ویمن یونیورسٹی قائم کی جائے، آئی ٹی حب بنایا جائے تاکہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں بہتر مواقع میسر آئیں، جبکہ موٹروے ایم-2 (92 شمال) کے قریب سرکاری اراضی پر انڈسٹریل زون فیز ٹوقائم کیا جائے جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔چیمبر کے رکن تیمور عطاء باجوہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری آئی ہے، لہٰذا امریکی صدر کی جانب سے عائد 19 فیصد ٹیرف کو کم کر کے 10 فیصد تک لانے کے لیے سفارتی سطح پر اقدامات کیے جائیں۔تقریب کے اختتام پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کو سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آمد پر یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

مزید خبریں