خواجہ آصف کا بھارتی پروپیگنڈے پر ردعمل:ذاتی حملوں سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، بھارتی قیادت دباؤ کا شکار ہے، وفاقی وزیر دفاع

خواجہ آصف کا بھارتی پروپیگنڈے پر ردعمل:ذاتی حملوں سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، بھارتی قیادت دباؤ کا شکار ہے، وفاقی وزیر دفاع

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی گمراہ کن پروپیگنڈے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف ذاتی حملے کرنے یا انہیں ذہنی طور پر غیر مستحکم قرار دینے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔اتوار کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ خصوصاً گزشتہ سال پاکستان سے جنگ میں شکست کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک اپنی گرتی ہوئی ساکھ کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہیں اور میرے خلاف پروپیگنڈا مہم چلانے سے مودی کی ساکھ بحال نہیں ہو سکتی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ راہول گاندھی نے بھی مودی کو ملنے والے بین الاقوامی اعزازات پر سوالات اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان میں سے بعض اعزازات یا تو مصنوعی طور پر تخلیق کیے گئے ہیں یا خودساختہ تشہیری مہم کا حصہ ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ اس خودساختہ تشہیری مہم کا مقصد مودی کو ایک عالمی مدبر رہنما کے طور پر پیش کرنا ہے مگر اس سے مودی کی ساکھ ایک عالمی شعبدہ باز کے طور پر ابھری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستند جریدے دی گارڈین نے بھی اپنی رپورٹ میں مودی کو ملنے والے اعزازات کی ساکھ اور شفافیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ مودی کی بیرونِ ملک سے مصنوعی تعریف و توصیف حاصل کرنے کی بے چین کوششیں دراصل اپنے ملک میں کمزور ہوتی ہوئی ساکھ کو سہارا دینے کی ایک ناکام کوشش ہے۔

مزید خبریں