راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کا ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن سروس کا آغاز، شہریوں کو مفت صفائی سہولت فراہم
راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کا ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن سروس کا آغاز، شہریوں کو مفت صفائی سہولت فراہم

مزید خبریں
راولپنڈی۔5جولائی (اے پی پی):راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ (آر سی بی) نے شہریوں کو مؤثر صفائی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں یہ منصوبہ ویسٹریج کے علاقے میں شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد گھر گھر سے بروقت کوڑا کرکٹ جمع کر کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہے۔
راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے مطابق منصوبے کے تحت گھروں کو ویسٹ بنز آر سی بی کی جانب سے فراہم کیے جائیں گے جبکہ اس ڈور ٹو ڈور سروس کے لیے شہریوں سے کوئی ماہانہ یا سالانہ فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق صفائی عملہ روزانہ صبح 8 بجے سے دوپہر 3 بجے تک مقررہ شیڈول کے مطابق گھروں سے کوڑا کرکٹ جمع کرے گا جس سے نہ صرف صفائی کے نظام میں بہتری آئے گی بلکہ گندگی، تعفن اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔
راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ویسٹ مینجمنٹ کے اس جدید نظام سے بھرپور تعاون کریں، گھریلو کچرا صرف فراہم کردہ ویسٹ بنز میں ڈالیں اور مقررہ اوقات میں صفائی عملے کے حوالے کریں تاکہ علاقے کو صاف ستھرا رکھنے کے مشترکہ مقصد کو کامیاب بنایا جا سکے۔
آر سی بی کے مطابق اگر کسی شہری کو سروس سے متعلق شکایت یا رہنمائی درکار ہو تو وہ منصوبے کے سپروائزر سے 0313-5253180 پر رابطہ کر سکتا ہے جبکہ دفتر کے شکایت نمبر 051-9274420 پر بھی شکایات اور مزید معلومات کے لیے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔







