وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس

پشاور۔ 05 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ گذشتہ روز منعقدہ اجلاس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا نے اس موقع پر کہا کہ کرپشن پر زیرو ٹالرنس ہے، کسی بھی سطح پر کرپشن اور بدعنوانی برداشت نہیں ہوگی، کرپشن کے تمام راستے بند کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ اور نااہل افسران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں، چاہے وہ کسی کے بھی چہیتے ہوں، محکموں کی کارکردگی کا اصل معیار عوام کا اطمینان ہوگا، عوام مطمئن نہ ہوں تو اچھی سے اچھی پریزنٹیشن کا کوئی فائدہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام وزراء ہر ماہ کم از کم سات اضلاع کے دورے کریں، عوام میں جائیں اور مسائل کے فوری حل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات اور ان کے ازالے کا روزانہ جائزہ لوں گا، بروقت ازالہ نہ ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ وزراء ضلعی دوروں کا باقاعدہ شیڈول مرتب کریں، ہر محکمہ اپنا کمپلینٹ سیل قائم کرکے وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل سے منسلک کرے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سگنیچر منصوبوں پر فوری اور ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، سالانہ ترقیاتی پروگرام میں حکومت کی ترجیحات واضح ہیں، تمام محکمے اپنے ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتار عملدرآمد یقینی بنائیں۔

انہوں ہدایت کی کہ تمام محکمے رواں مالی سال میں ڈی ایف سی اسکیموں کی تکمیل یقینی بنائیں، نئی ترقیاتی اسکیموں کے لیے واضح ٹائم لائنز مرتب کریں، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے کسی معاملے پر رابطہ کیا جائے تو 24 گھنٹوں کے اندر نتیجہ چاہیے، تمام وزراء، مشیران اور محکموں کے انتظامی سیکرٹریز باہمی رابطہ مضبوط بنائیں اور تمام فیصلے مشاورت، میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کریں۔

انہوں نے کہا کہ تمام محکمے اپنی کمیونیکیشن اسٹریٹجی بنائیں اور عوام کو حکومتی اصلاحات اور منصوبوں سے مؤثر انداز میں آگاہ کریں۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ تین ماہ بعد دوبارہ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کی بنیاد پر سزا و جزا کا فیصلہ ہوگا۔

مزید خبریں