ضلع ننکانہ صاحب کی گرین پراپرٹی سر ٹیفکیٹ کے اجرا میں پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل

ضلع ننکانہ صاحب کی گرین پراپرٹی سر ٹیفکیٹ کے اجرا میں پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل

نمائندہ۔ 05 جولائی (اے پی پی):ضلع ننکانہ صاحب نے گرین پراپرٹی سر ٹیفکیٹ کے اجرا میں پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے ایک نمایاں اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ اس شاندار کامیابی پر چیف سیکرٹری پنجاب نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ محمد تسلیم اختر راؤ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہین فاطمہ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور پوری ریونیو ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد اور شاباش دی ہے۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ محمد تسلیم اختر راؤ کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہین فاطمہ، ضلع کی تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو افسران اور متعلقہ اہلکاروں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کہا کہ گرین پراپرٹی سر ٹیفکیٹ کے اجرا میں پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن کا حصول ضلعی انتظامیہ اور ریونیو ٹیم کی اجتماعی کاوشوں، محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو شفاف، بروقت اور معیاری خدمات کی فراہمی حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے حوصلہ افزائی ضلعی انتظامیہ کے لیے باعثِ اعزاز ہے اور یہ کامیابی مزید بہتر کارکردگی کے لیے محرک ثابت ہوگی۔انہوں نے ریونیو افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ وہ اسی جذبے اور لگن کے ساتھ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں۔

اس موقع پر گرین پراپرٹی سر ٹیفکیٹ کے اجرا میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور اہلکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران و اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ضلع ننکانہ صاحب مستقبل میں بھی اپنی بہترین کارکردگی برقرار رکھے گا۔

مزید خبریں