خواتین یونیورسٹی میں داخلے جاری بی ایس سے پی ایچ ڈی تک پروگرامز اور خصوصی سکالرشپس کا اعلان

دی ویمن یونیورسٹی ملتان نے تعلیمی سال 2026 کے لئے مختلف انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ، ایم فل، پی ایچ ڈی، فارم ڈی، بی ایڈ، پی جی ڈی، ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ پروگرامز میں داخلوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

ملتان۔ 06 جولائی (اے پی پی):دی ویمن یونیورسٹی ملتان نے تعلیمی سال 2026 کے لئے مختلف انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ، ایم فل، پی ایچ ڈی، فارم ڈی، بی ایڈ، پی جی ڈی، ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ پروگرامز میں داخلوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق تمام پروگرامز میں داخلے کے لئے آن لائن درخواستیں 17 جولائی 2026 تک جمع کرائی جا سکتی ہیں، جبکہ درخواستیں صرف یونیورسٹی کے آن لائن داخلہ پورٹل کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔

ترجمان نے بتایا کہ رواں سال چار سالہ بی ایس پروگرامز کے ساتھ مختلف پیشہ ورانہ ڈپلومہ کورسز بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں، جبکہ مستحق طالبات کے لئےخصوصی سکا لرشپس اور میرٹ و ضرورت کی بنیاد پر مالی معاونت کے متعدد پروگرام بھی دستیاب ہوں گے تاکہ باصلاحیت طالبات معاشی مشکلات کے باوجود اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں۔داخلوں کے لئے بائیو ٹیکنالو جی، بزنس ایڈمنسٹریشن، انگلش، ایجوکیشن، فزکس، کیمسٹری، باٹنی، زوالوجی، اکنامکس، اردو، تاریخ، اسلامیات، میڈیا اینڈ کمیونیکیشن، ریاضی، مائیکرو بایولوجی، پبلک ہیلتھ سمیت متعدد شعبہ جات میں مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایسوسی ایٹ ڈگری، پوسٹ اے ڈی/بی ایس ففتھ سمسٹر، ڈاکٹر آف فارمیسی، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں بھی داخلے جاری ہیں۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق تمام تعلیمی پروگرام ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظور شدہ ہیں۔

طالبات کو جدید لیبارٹریز، ڈیجیٹل لائبریری، تجربہ کار اساتذہ، محفوظ کیمپس، ہاسٹل، ٹرانسپورٹ اور ہم نصابی سرگرمیوں سمیت بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔آرٹس اورڈیزائن میں دلچسپی رکھنے والی طالبات کے لئے گرافک ڈیزائن، ڈیجیٹل پینٹنگ، فوٹوگرافی، خطاطی، آئل پینٹنگ اور دیگر تخلیقی ڈپلومہ و سرٹیفکیٹ کورسز بھی دستیاب ہیں۔ یونیو رسٹی نےخواہشمند طالبات کوہدایت کی ہےکہ وہ مقررہ تاریخ سےقبل اپنی آن لائن درخواست مکمل کریں اور داخلہ شیڈول، اہلیت، انٹری ٹیسٹ اور میرٹ لسٹ سے متعلق معلومات داخلہ پورٹل سےحاصل کریں۔